• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بجلی کا مسئلہ اتنا بڑا نہیں جتنا پیش کیا جارہا ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم ایچ مانڈوی والا نے کہا ہے کہ (ن) لیگ شکست کے بعد سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کر رہی ہے ۔ (ن) لیگ کو بلوچستان اور سندھ سے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب پر اعتراض ہے ۔ صرف پنجاب میں سی پیک پر کام ہو رہا ہے ۔ بلوچستان ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں کچھ بھی نہیں ہو رہا ، جس پر سب کو تحفظات ہیں ۔ بلوچستان سرمایہ کاروں کے لیے جنت ہے ۔یہاں پر صنعتکاروں کو کبھی کوئی مسئلہ درپیش نہیں رہا ہے ۔بلوچستان بالخصوص حب میں ہونے والی صنعتی ترقی میں سب سے اہم کردار یہاں کے لوگوں کا تعاون ہے ۔بوہری کمیونٹی کا ملک بھر میں تعلیم ، صحت کے شعبوں سمیت سرمایہ کاری میں بڑا حصہ ہے، کراچی میں بجلی کا مسئلہ اتنا بڑا نہیں جتنا بڑا بنا کر اسے پیش کیا جارہا ہے ۔ وہ گزشتہ روز بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں برہانی پارک میں داؤدی بوہرہ جماعت کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے چیت کر رہے تھے ۔ تقریب سے داؤدی بوہرہ جماعت کے رہنما نعیم بھائی ، لسبیلہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اسماعیل ستار ، عزیز میمن ، انڈس موٹرز کے سی ای او علی جمالی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
تازہ ترین