• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیساتھ تعلق قیمتی اثاثہ، لوہے جیسی دوستی فولاد بنائینگے، چین

بیجنگ(خبرایجنسی)چینی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات دونوں ممالک کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں،تعلقات کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے گاا ور لوہے جیسی دوستی کو فولاد بنائینگے،پاک- چین باہمی معاشرے کی تشکیل کے لئے مشترکہ کام کرتے رہیں گے، چین پاکستان کی اقتصادی ترقی اورعوام کی زندگی کی بہتری کےلئے مکمل حمایت کرتا رہےگا، چین پاک اقتصادی راہداری کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پرآگے بڑھایا جائے گا،چین انسداد دہشت گردی اور قومی سلامتی کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا، چین سیکیورٹی میں بہتری کے لئے پاکستان کو امداد بھی فراہم کرےگا، پاکستان اور چین کی لوہےجیسے دوستی کو کبھی زنگ نہیں لگے گا بلکہ اس دوستی کو فولاد جیسا بنائینگے۔ چائنا ریڈیو انٹر نیشنل کے مطابق چین کے ریاستی کونسلرو وزیرخارجہ وانگ یی نے چین کے دورے پرآئے پاکستانی ہم منصب خواجہ محمد آصف سے بیجنگ میںملاقات کی،دونوںفریقوںنے اتفاق کیا ’’ چین پاک تزویراتی ساتھی کے تعلقات ‘‘دونوںملکوں کےلئے قیمتی اثاثے کے مترادف ہیں، فریقین آئندہ بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کوترجیحی اہمیت دیتے رہیں گے۔ علاقائی وبین الاقوامی امورمیںباہمی مفاہمت اور تعاون کومضبوط کریں گے، چین پاک ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کےلیے کام کرتے رہیںگے،ملاقات کے بعددونوں وزرائے خارجہ نے ایک پریس کانفرنس میںشرکت کی اوراس موقع پروانگ یی نے کہاکہ اسوقت دنیاکی صورتحال غیرمستحکم ہے اور یکطرفہ تجارتی تحفظ پسندی کے رجحانات سامنے آ رہے ہیں، اس صورتحال کے تناظرمیں چین اور پاکستان کو زیادہ قریبی تعاون کرنا چاہیے تاکہ نئے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے حال ہی میں بوآؤایشیائی فورم میںاپنی تقریرمیںچین کے نئے دور کی اصلاحات کا اعلان کیا ہے، یہ پاکستان اورچین پاک تعلقات کی ترقی کے لئے ایک نیا باب ثابت ہوگا، ہم برادرانہ پاکستانی عوام کے ساتھ ملکر تاریخی فرائض سرانجام دیں گے اور پاکستان کے ساتھ اپنی روایتی دوستی کواورزیادہ مضبوط بنائیں گے۔
تازہ ترین