• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسٹاک ایکسچینج، ہفتے کے پہلے روز تیزی، 100انڈیکس 113 پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی رہی اور 100 انڈیکس 113پوائنٹس بڑھ گیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں 35ارب 2 کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ہوا۔ کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 21.80 فیصدکم جبکہ 51.94 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی کیفیت اور پرافٹ اینڈ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 45190کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے منافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور 100انڈیکس 45452کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا تاہم مقامی سرمایہ کار گروپوں نے سرمایہ کاری سے گریز کیا جس کے نتیجے میں 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس 112.62 پوائنٹس اضافے سے 45371.96 پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 360کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے 187کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 156 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 17کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 35ارب 2کروڑ 83لاکھ 82ہزار 543روپے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 93کھرب 65ارب 99 کروڑ 88 لاکھ 19ہزار575روپے ہو گئی ۔پیرکو 11کروڑ 26 لاکھ 15 ہزار 320شیئرز کا کاروبار ہوا ، جوجمعہ کی نسبت 3کروڑ 13 لاکھ 97ہزار 640 شیئرزکم ہے ۔قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے پاک ٹوبیکو کے حصص سرفہرست رہے ، جس کے حصص کی قیمت 58.90 روپے اضافے سے 2155.00 روپے اورکولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت 46.68 روپے اضافے سے 3400.01روپے ہو گئی ۔نمایاں کمی سروس انڈسٹری لمیٹڈ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی،جس کے حصص کی قیمت 26.71روپے کمی سے 825.00 روپے اورصنوفی ایونٹس کے حصص کی قیمت 19.78روپے کمی سے 1250.22روپے ہو گئی ۔پیرکویونٹی فوڈزلمیٹڈ کی سرگرمیاں ایک کروڑ 11لاکھ 12ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 99 پیسے اضافے سے 29.99روپے اورسوئی سدرن گیس کی سرگرمیاں ایک کروڑ 7لاکھ 5ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں،جس کے شیئرز کی قیمت 19پیسے اضافے سے 37.51روپے پر بند ہوئی ۔پیر کو 30 انڈیکس 37.00 پوائنٹس اضافے سے 22346.17 پوائنٹس ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 72.69پوائنٹس اضافے سے 77030.70 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 125.99 پوائنٹس اضافے سے 32874.17 پوائنٹس ہو گیا ۔

تازہ ترین