• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ماہرین صحت نے ایک نئی ٹائیفائیڈ ویکسین تیارکرلی

پاکستانی ماہرین صحت نے ایک نئی ٹائیفائیڈ ویکسین تیارکرلی

پاکستانی ماہرین صحت نے ایک نئی ٹائیفائیڈ ویکسین تیارکی ہے جسے قومی توسیعی پروگرام برائے امیونائزیشن میں شامل کیا جائے گا۔ اس کی تیاری ان نئے شواہد کے سامنے آنے کے بعدعمل میں آئی ہے جس میں دیکھا گیا کہ ٹائیفائیڈ کی ایک طاقتور قسم مریضوں کو لاحق ہورہی ہے اور جسکااینٹی بائیوٹک ادویات سے علاج انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔

حیدر آباد میں پہلے ہی بڑے پیمانے پر دوائوں کے خلاف مزاحمت کرنے والا (ایکس ڈی آر)ٹائیفائیڈ کی وبا نے بچوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔کراچی کے ایک بڑے نجی اسپتال کی تحقیق، نیشنل امیونائزیشن ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر پیش کی گئی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بیماری کی یہ قسم کراچی، سندھ کے دوردراز کے دیہی علاقے، کوئٹہ اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں ٹائیفائیڈ کی یہ قسم مریضوں بالخصوص بچوں کو لاحق ہورہی ہے۔

اجلاس کے دوران جنوری 2018میں حیدر آباد کے بدترین متاثرہ تعلقہ میں سندھ کے محکمہ صحت کی جانب سے شروع کیے جانے والے ہنگامی ویکسی نیشن مہم کے نتائج بھی پیش کیےگئےجس کے مطابق اس ٹائیفائیڈ ویکسین کے نتائج محفوظ تھے اور 99اعشاریہ سات فیصد بچے جنھیں اس ویکسین کے ڈوز دیئے گئے ان میں کوئی منفی یا ناموافق اثرات نوٹ نہیں کیے گئے۔

اب وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈی نیشن اس سلسلے میں ایک درخواست GAVI( ایک عالمی پبلک پرائیوئٹ پارٹنرشپ پر مبنی ادارہ)کو بھجوائے گی تاکہ ویکسی نیشن کی تیاری کے لیے فنڈز حاصل کرسکے ۔

نیشنل پروگرام منیجر برائے وفاقی امیونائزیشن توسیعی پروگرام ، ڈاکٹر ثقلین گیلانی نے کہا کہ GAVIکی جانب سے حال ہی میں مذکورہ بالا ویکسین کو متعارف کرانے کے لیے 85ملین ڈالر کی فنڈنگ فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیاہےجو پاکستان کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔

اس سے قبل ہم نے انسداد نمونیا، ڈائریا اور انجکشن کے ذریعے دی جانے والی پولیو ویکسین متعارف کرائی تھی۔اب ٹائیفائیڈ ویکیسین کا آغاز بچوں میں اس بیماری کے خلاف مدافعت میں بہتری کی جانب ایک اور قدم ہے۔

اس ویکسین کے اضافے سے بچوں میں دس قسم کی بیماریوں کی موثر روک تھا م ہوسکے گی جن میں خناق، ہیپاٹائٹس بی، گردن توڑ بخار، خسرہ، تشنج، نمونیا، کالی کھانسی، پولیو اور اب ٹائیفائیڈ اس میں شامل ہے۔

تازہ ترین