• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماسکو بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کا معترف

ماسکو بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کا معترف، جنرل باجوہ سے روسی فوجی قیادت کی ملاقات

راولپنڈی،ماسکو( نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی فوجی قیادت کی ملاقات میں عسکری تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر روس پہنچے ہیں جہاں انہوں نےماسکو میں کریملن پیلس میں روس کی بری فوج کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سالیوکوف سے ملاقات کی، جنرل قمر جاوید باجوہ کی کریملن پیلس آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ملاقات میں روسی بری فوج کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سالیوکوف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے کے امن و استحکام میں پاک فوج کی کامیابیوں کا اعتراف کیا،کرنل جنرل اولیگ نےکہا کہ پاکستان جغرافیائی و تذ و یراتی اعتبار سے ایک اہم ملک ہے اور روس پاکستان کے ساتھ موجودہ باہمی عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روسی بری فوج کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی روس کے ساتھ دوطرفہ عسکری تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں خطے میں پیچیدہ صورتحا ل کے حل میں روس نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے سے تنازعات کو دور رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا جبکہ پاکستان ایسی حکمت عملیوں پر عمل پیرا رہنے کا خواہاں ہے جن سے خطے میں انتشار نہیں بلکہ اتحاد کا ماحول پیدا ہو۔اے پی پی کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے کو تنازعات سے نکالنے،علاقائی روابط کو مظبوط بنانے اور خطے میں مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔ آرمی چیف نے گمنام سپاہیوں کے مقبرے پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

تازہ ترین