• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرت کے نام پر قتل ہونے والی ثناء کی قبر کشائی

ثناء کی قبر کشائی، لاش کے اجزاء لیبارٹری بھجوا دیئے گئے

پاکستانی نژاداطالوی لڑکی ثناء کی پر اسرار موت کا معمہ حل کرنے کے لئے قبر کشائی کے بعد لاش کے اجزاء فرانزک ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے۔

ثناکی قبر کشائی علاقہ مجسٹریٹ کی نگرانی میں کی گئی ، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی جس کے بعد لاش کے اجزا ٹیسٹ کے لئے لاہور بھجوا دیئے گئے ہیں۔

واقعہ پر مقامی ڈاکٹروں کی طرف سے بھی ایک رپورٹ جاری کی جائے گی۔

پولیس کا دعویٰ تھا کہ لڑکی پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی اور اسے غیرت کےنام پر قتل کیا گیا، جبکہ مقدمہ میں نامزد باپ، بھائی اور چچا اب تک پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے ہیں۔

علاوہ ازیں گجرات میں پراسرارموت کا شکار ہونے والی پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثناء چیمہ کے مبینہ علاج معالجے کی دستاویزات، ڈاکٹری نسخہ اور میڈیکل اسٹور کا بل سامنے آگیا۔

ان دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ثناء ایک ہفتہ قبل طبیعت کی خرابی کے باعث مبینہ طور پر اسپتال میں زیرعلاج رہی۔

دستاویزات کے مطابق ثناء چیمہ کو ہائی بلڈ پریشر اور معدے کی تکلیف کے باعث 11اپریل کو اسپتال لایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹری نسخے اصلی ہیں یا نہیں اس بارے میں جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ ثناء کی موت18 اپریل کو ہوئی تھی، پولیس نے اس حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ اسے غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

شک کی بنا پر لڑکی کے والد، چچا اور بھائی کےخلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

تازہ ترین