• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
علی ظفر کا قانونی نوٹس میشا شفیع کو مل گیا

گلوکار و اداکار علی ظفر کا ماڈل و گلوکارہ میشا شفیع کو بھیجا گیا قانونی نوٹس گلوکارہ کی لیگل ٹیم نے وصول کرلیا۔

موصول کیے گئے قانونی نوٹس کی کاپی کے مطابق علی ظفر کی جانب سے نوٹس میں میشا شفیع سے معافی مانگنے اور خود پر لگائے گئے جنسی ہراسگی کے الزام کو ٹوئٹر سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ میشا شفیع 14 روز میں علی ظفر سے معافی مانگیں اور مذکورہ الزام واپس لیں بصورت دیگر گلوگارہ کو 100 کروڑ (ایک ارب ) روپے بطور ہرجانہ ادا کرنا ہوں گے۔

میشا کے وکیل احمد پنسوتا نے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ یہ نوٹس جھوٹ پر مبنی ہے جبکہ میشا کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات سچ ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے علی ظفر کی جانب سے خود کو ایک سے زائد مرتبہ جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

علی ظفر نے الزام کی تردید کی تھی جبکہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے عدالت میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔

میشا شفیع کے الزام کے بعد مزید کئی خواتین کی جانب سے علی ظفر پر جنسی ہراسگی کے الزامات عائد کیے گئے تھے جبکہ مختلف فنکاروں کی جانب سے فریقین کے حق میں اور خلاف بیانات بھی سامنے آئے تھے۔

تازہ ترین