• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرسید یونیورسٹی، پرانی رپورٹ شائع کی گئی، رجسٹرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سرسیدیونیورسٹی کے رجسٹرار نے کہا ہے کہ12اپریل کو چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیوشن کمیٹی(سی آئی ای سی) کے دورہ سرسیدیونیورسٹی کی رپورٹ پر مبنی خبر شائع کی گئی ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ یہ رپورٹ ابھی جاری کی گئی ہے جبکہ یہ رپورٹ پرانی ہے اورتعلیمی سال 2015/16کے داخلوں کے بارے میں ہے۔ کمیٹی نے 16فروری 2017کو سرسید یونیورسٹی کا دورہ کیا اور رپورٹ 25اپریل 2017کو جاری کی گئی۔ رجسٹرار کے مطابق سرسید یونیورسٹی میں داخلوں کا عمل میرٹ پر مبنی ہے اور کمیٹی کی سفارش پر اسے مزیدشفاف بنانے کے لیے نتائج ویب سائٹ اور نوٹس بورڈزپر آویزاں کئے جارہے ہیں مجازباڈیز اور اتھارٹیز کے دورے اورمعائنے روٹین کا حصہ ہے اور ایک مستقل عمل ہے۔ ان کی تجاویز اور مشوروں کے نتیجے میں ادارے اپنے آپ کو اپ گریڈ کرتے ہیں اور ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آتی ہے سرسیدیونیورسٹی کے تمام پروگرامز مجاز اتھارٹیز سے منظورشدہ ہیں سرسید یونیورسٹی کی تمام باڈیز کے اجلاس باقاعدگی سے ہوتے رہتے ہیں۔ یونیورسٹی اپنے وسائل اور ضرورت کے مطابق لیبارٹری میں جدیدآلات کی تعداد میں اضافہ کرتی رہتی ہے جامعہ میں فیکلٹی اور طلباء کا مجموعی تناسب 16.1 کا ہے جو ایچ ای سی کے مطلوبہ معیار سے بہتر ہے سرسید یونیورسٹی کے اساتذہ کے تحقیقی مقالے ایچ ای سی کے منظورشدہ جانلز/ قومی وبین الاقوامی کانفرنسوں میں تواتر سے شائع ہوتے ہیں۔ یونیورسٹی ہر سال جدید تقاضوں کے مطابق نصاب میں تبدیل کرتی رہتی ہے۔ تاہم رپورٹر کا موقف ہے کہ یہ سیر سید انجینئرنگ یونیورسٹی کے ساتویں راؤنڈ انسپکشن پر مبنی رپورٹ ہے جس کی بنیاد پر تمام نجی جامعات کی درجہ بندی ہونا ہے لہذا یہ رپورٹ تازہ ہے ساتویں راؤنڈانسپکشن میں چارٹرکمیٹی کو 31نجی جامعات کا دورہ کرنا ہے ساتویں راؤنڈ کے پہلے دورے کا آغاز 2فروری 2017سے انڈس ویلی اسکول سے ہوا تھا اور کمیٹی کو آخری دورہ 24مئی 2018کو کرنا ہے جس کے بعد ساتواں راؤنڈ مکمل ہوجائے گا اور پھر ساتویں راؤنڈ کی درجہ بندی کی رپورٹ جاری ہوگی اور جب تک درجہ بندی کی رپورٹ جاری نہیں ہوتی اس وقت تک اسی رپورٹ کو تازہ سمجھا جائے گا۔

تازہ ترین