• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منصفانہ مردم شماری کے بغیر مسائل حل نہیں ہونگے،متحدہ پاکستان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان (بہادرآباد) کی رابطہ کمیٹی نے حالیہ مردم شماری کے نتائج اور اعداد و شمار درست قرار دینے پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق 5فیصد بلاکس کا آڈٹ کئے بغیر مردم شماری کے نتائج اور اعداد وشمار کس طرح سے درست قرار دیے جاسکتے ہیں، ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم نے سب سے پہلے مردم شما ری کے نقائص کی نشاندہی کی اور یہ معاملہ سپریم کو رٹ لے کر گئی، مردم شماری کے نتائج اور اعداد و شمار درست قرار ینے سے قبل عدالتی حکم کی بجا آوری کرلی جاتی تو اس پر شکوک و شبہات نہیں اٹھائے جاتے، لیکن 5فیصد بلاکس کا آڈٹ کئے بغیر مردم شماری کے نتائج اور اعدا د درست قرار دینا عدالتی احکامات کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہے ، رابطہ کمیٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ منصفانہ مردم شماری نہیں کی گئی تو اس کے اثرات وسائل کی تقسیم پر پڑیں گے اور وسائل کی تقسیم صحیح نہیں ہوئی تو مسائل بھی حل نہیں ہوں گے، رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام میں پہلے ہی مردم شماری میں آدھی آبادی کم دکھائے جانے پر تحفظات تھے اور اب 5فیصد بلاکس کا آڈٹ نہ کرواکر مردم شماری درست قرار دینا نہ صرف باعث تشویش ہے بلکہ قابل مذمت بھی ہے ، رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا کہ مردم شماری میں نتائج اور اعداد و شمار کو 5فیصد بلاکس کا آڈٹ کرائے بغیر درست قرار دینے کا فی الفور نوٹس لیں، مردم شماری پر تحفظات دور کرنے کیلئے تمام اکائیوں کی رائے سنی جائے اور ان کا احترام یقینی بنایاجائے۔
تازہ ترین