• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرق وسطیٰ کے دولت مند ممالک اپنی سیکورٹی سنبھالیں، امریکی صدر

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح الفاظ میں دعویٰ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے بعض انتہائی دولت مند ممالک امریکا کی حفاظت کے بغیر ایک ہفتہ بھی قائم نہیں رہ سکتے۔ امریکا کے بغیر اُن کا وجود بھی نہیں ہوتا ہم ان کی حفاظت کر رہے ہیں اب انہیں آگے آکر موجودہ صورتحال سے خود نمٹنے کیلئے خرچ بھی کرنا ہو گا۔ صدر ٹرمپ نے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا یا فرانس اتنی بڑی قیمت ادا کرنے کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ 18سال کے دوران امریکہ نے 7ٹرلین ڈالرز مشرق وسطیٰ میں خرچ کئے ہیں اور ہمیں کچھ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کے کسی بھی دولت مند ملک کا نام لئے بغیر کہا کہ اب یہ دولت مند ملک یہ اخراجات ادا کریں گے۔ ہم نے ان سے واضح طور پر کہہ دیا ہے ابھی تک انہوں نے ایسا نہیں کیا مگر اب انہیں یہ کرنا ہے اور وہ کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی واضح کیا کہ اب امریکا اب ان کی سیکورٹی پر خرچ نہیں کرے گا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کے یہ دولت مند ممالک اپنی سر زمین پر افواج بھی متعین کریں گے۔ ہم اپنے بہت سے لوگوں (فوجیوں) کو وطن واپس بھی لاسکیں گے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں بحیرہ روم کی ناکہ بندی بھی کرنا ہو گی ورنہ ایران اس پر قبضہ کر سکتا ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ مشترکہ پریس کانفرنس کے آغاز پر بھی اپنے بیان میں مشرق وسطیٰ کی اس صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے خطے کی ذمہ دار اقوام پر زور دیا کہ وہ ایران کو مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے سے روکنے کیلئے میدان میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں ۔
تازہ ترین