• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردوں سے شادی کے بعد کام کرنیکا سوال کیوں نہیں کیا جاتا، سونم کپور

ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ اداکارہ سونم کپور کا شمار ان اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جو اپنے دل کی بات بولنے سے بالکل خوفزدہ نہیں ہوتی اور ایسا ہی کچھ انہوں نے اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی ٹریلر لانچ تقریب کے دوران کیا۔سونم کپور جن کی شادی کی افواہیں اس وقت میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔اس دوران رپورٹر نے سونم کپور سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنی شادی کے بعد بھی کام کریں گی، جسے سن کر اداکارہ کو غصہ آگیا۔سونم کپور نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسی ذہنیت کو تبدیل ہونے میں وقت لگے گا، کرینہ کپور جیسی اداکارہ ہم سب کے لیے ایک مثال ہیں، ان کی شادی ہوئی، اور ان کے بیٹے کی پیدائش کے بعد بھی وہ فلم کے سیٹ پر کام کرتی نظر آئیں‘۔سونم نے مزید کہا کہ ’شاہد کپور کی بھی شادی ہوئی اور اس کے بعد بھی وہ کام کرتے نظر آئے، کیا شاہد سے کسی نے سوال کیا تھا کہ وہ شادی کے بعد کام کرتے نظر آئیں گے یا نہیں، کوئی مردوں سے ایسا سوال کیوں نہیں کرتا؟۔سونم کپور نے مزید کہا کہ امید ہے ویرے دی ویڈنگ جیسی فلموں سے تبدیلی آئے گی، ہم خواتین کو بھی سماج میں اتنی ہی اہمیت ملے جتنی مردوں کو ملتی ہے‘۔ششانکا گھوش کی ہدایات میں بننے والی فلم رواں سال یکم جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
تازہ ترین