• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب، خواتین کیلئے کھیل کی جرسی کے رنگ اور ڈیزائن متعارف

کراچی(نیوزڈیسک)سعودی وزارت تعلیم نے لڑکیوں کے اسکولوں میں جسمانی سرگرمیوں کے پیریڈ کو لازمی قرار دیے جانے کے بعد طالبات کے لیے منظور شدہ کھیلوں کی وردی کا بھی انکشاف کیا ہے۔ وزارت تعلیم نے آئندہ تعلیمی سال 39/ 1440ہجری کے لیے خواتین کے حوالے سے کھیلوں کی وردی کے رنگوں اور ڈیزائنوں کی وضاحت کر دی ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری تصاویر کے مطابق تمام مرحلوں کی طالبات کے لیے جرسی کا رنگ سفید ہو گا جب کہ ٹراؤز کے رنگ میں فرق رکھا گیا ہے۔ پرائمری کے لیے ٹراؤزر کا رنگ گہرا نیلا، سیکنڈری کے لیے برگنڈی اور انٹرمیڈیٹ کے لیے سرمئی ہو گا۔طالبات کے لیے منظور شدہ جرسی کے پہلے ڈیزائن میں سامنے کی جانب بٹن ہیں، آگے سے جرسی کی لمبائی ران کے ابتدائی حصّے تک ہو گی جب کہ پیچھے سے اس کی لمبائی نصف ران تک ہو گی۔ جرسی کے دوسرے ڈیزائن میں سامنے کی جانب بٹن نہیں ہوں گے، یہ جرسی آگے اور پیچھے دونوں جانب سے لمبائی میں ران کے نصف تک ہو گی۔وزارت تعلیم کی جانب سے منظور شدہ ٹراؤزر آگے اور پیچھے سے الاسٹک بینڈ پر مشتمل ہو گا تا کہ اس کو پہننے اور اتارنے میں سہولت ہو، ٹراؤزر میں چھپی ہوئی جیبیں بھی ہوں گی۔ اس کے علاوہ گھٹنوں کی حفاظت کے لیے ٹراؤزر کے اندر استر بھی لگایا گیا ہے۔

تازہ ترین