• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

24گھنٹوں میں طالبان کےکئی حملے،نائب گورنر سمیت27ہلاک

کراچی(نیوزڈیسک، جنگ نیوز)افغانستان کے4صوبوں میں24گھنٹے کے دوران طالبان عسکریت پسندوں کے کئی حملوں میں صوبائی نائب گورنر سمیت27افراد مارے گئے ، طالبان نے ایک روز قبل ہی افغان اور امریکی فوجیوں پر مسلح حملے تیز تر کر دینے کا اعلان کیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کےمطابق طالبان کی جانب سے نئی عسکری مہم ’الخندق‘ کے اعلان کے صرف 24گھنٹے کے اندرطالبان نے4صوبوں میں کئی مقامات پر تازہ حملے کیے، ان میں لوگر صوبے کے نائب گورنر سمیت 27 افراد مارے گئے۔ افغان دارالحکومت کابل کے نواح میں عسکریت پسندوں کے گھات لگا کر کیے جانے والے حملے میں شورش زدہ صوبے لوگر کے ڈپٹی گورنر قمر الدین شکیب، 2محافظ اورایک شخص مارا گیا،اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے، ایک اور حملہ شمالی صوبے فریاب میں افغان پولیس فورس اور مقامی طالبان مخالف مسلح گروپوں کے ارکان پرہوا جس میں 9افراد ہلاک ہوئے۔ فریاب کی صوبائی کونسل کے ارکان محمد عارف اور صبغت اللہ سیلاب نے بتایا کہ طالبان عسکریت پسندوں نے یہ حملہ گزشتہ شام کیا،ایک دوسرے بڑے حملے میں شمالی صوبے قندوز کے ضلع دشتِ ارچی میں شدت پسندوں نے افغان نیشنل آرمی کی 3مختلف چیک پوسٹوں پر دھاوا بول دیا، قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن غلام ربانی ربانی کے مطابق اس حملے میں 12افغان فوجی ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے،اسی طرح شمالی افغان صوبے بغلان کے دارالحکومت پل خُمری کے مضافات میں بھی طالبان حملہ آوروں نے مربوط طریقے سے گھات لگا کر سکیورٹی فورس کے ارکان کو نشانہ بنایا،اس حملے میں 2حکومتی سکیورٹی اہلکار مارے گئے،اس کے علاوہ گزشتہ روز طالبان نے وسطی افغان صوبے پروان میں بھی کئی مقامات پر سکیورٹی فورسز پر حملے کیے۔
تازہ ترین