• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینٹر بری،پاکستانی کرکٹرز کی دوسرے روز بھی طویل پریکٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئر لینڈ اور انگلینڈ کے ٹیسٹ میچوں کی تیاری کے لئے پاکستانی کرکٹ نے کوچ مکی آرتھر کی زیرنگرانی جمعرات کو مسلسل دوسرے دن سینٹ جارجز پارک میں طویل پریکٹس سیشن کیا ۔ فاسٹ بولر محمد عامر بھی ایکشن میں دکھائی دیئے۔ مکی آرتھر نے محمد عامر کو خبردار کیا ہے کہ انہیں یاسر شاہ کی عدم موجودگی میں پاکستانی بولنگ کا زیادہ بوجھ اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی ٹیم یاسر شاہ جیسے بولر کی کمی محسوس کرتی ہے۔ جو بولنگ کے ساتھ ساتھ میچ کو بھی کنٹرول میں رکھتے ہیں۔ میرے خیال میں انگلینڈ میں سیزن کے پہلے ہاف میں اسپن بولنگ کا کوئی کردار نہیں ہوتا اس لئے ہمیں اپنے پیسرزپر انحصار کرنا ہوگا۔ ایسے وقت میں جبکہ گیند سوئنگ ہورہی ہوگی ، محمد عامر پاکستان ٹیم کے لئے کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اور ٹیسٹ کرکٹ میں ناتجربہ کار ہے لیکن باصلاحیت کرکٹرز کچھ کر دکھانے کا جذبہ رکھتے اور اپنی اہلیت ثابت کرنے کیلیے بے تاب ہیں۔ انگلینڈ میں دونوں ٹیسٹ میچز بھی کڑا امتحان ہونگے، میزبان ٹیم اپنی کنڈیشنز میں کسی بھی حریف کیلیے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایشز کے نتائج سے قطع نظر نئی سیریز ہمارے لیے نیا چیلنج ثابت ہوگی۔ انگلش ٹیم کا مقابلہ کرنے کیلیے کنڈیشنز سے جتنی جلد ہم آہنگ ہوجائیں بہتر ہوگا۔
تازہ ترین