• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا موقف کمزور نہیں، برٹش کشمیری ارکان پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تعاون کریں، وزیراعظم آزادکشمیر

لندن(جنگ نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت سے احتجاج کرے اور کشمیری عوام کی تسلیم شدہ تحریک آزادی کشمیر میں معاونت کرکے مسئلہ کشمیر کے چاروں فریقوں پر مشتمل عالمی کانفرنس کا انعقاد کرے جس کا اہتمام برطانیہ اور امریکہ جیسے ممالک ہی کرسکتے ہیں کیونکہ بھارت اور پاکستان آپس میں بیٹھ کر مسئلہ حل نہیں کرواسکتےاور کشمیریوں کی اب تیسری نسل بھی قربانیاں دے رہی ہے۔ بین الاقوامی برادری اور مختلف ممالک کے ارکان پارلیمنٹ خصوصاً فرینڈز آف کشیر کے ارکان ریاست کے دونوں اطراف کا دورہ کریں اور حالات کا جائزہ لےکر مجوزہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے مستقل حل میں کاوشیں تیزکریں تاکہ پاکستان بھارت اور کشمیر برصغیر میں مل جل کر پرامن طریقے سے اپنے اپنے علاقوں میں مقامی مسائل حل کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے گزشتہ روز اپنا دورہ برطانیہ ختم کرنے سے پہلے برطانوی پارلیمنٹ کے کشمیر گروپ کے عہدیداروں اور دیگر کشمیر دوست ارکان سے ایک خصوصی نشست میں کیا جس کا اہتمام جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کیا تھا۔ دو گھنٹے کی اس نشست میں وزیراعظم نے جہاں لیبر اور کنزرویٹو پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں وہاں کشمیر گروپ کے عہدیداروں کو اپنی طرف سے خصوصی شیلڈز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر چیئرمین کشمیر پارلیمنٹری گروپ کرس لیزلے MP ، ڈپٹی چیئرمین جیک برئیرٹن MP، شیڈو وزیر خارجہ برائے یورپ خالد محمودMP، شیڈو جسٹس منسٹر امیگریشن افضل خان MP، شیڈو جسٹس وزیر بیرسٹر یاسمین قریشیMP، شیڈو منسٹر بیرسٹرعمران حسینMP، محمد یاسین MP، چارلی ایلفک MP ، (Charlie Elpliche) اور دیگرممبران پارلیمنٹ نے وزیراعظم فاروق حیدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر گروپ میں تمام سیاسی پارٹیوں کے لوگ مل کر برطانوی پارلیمنٹ میں بھی اٹھاتے ہیں اور حکومت تک بھی کشمیریوں کی آواز پہنچانے میں سرگرم عمل ہیں اورحالیہ سالوں میں مسلسل تین بار پارلیمنٹری بحث کے بعد بہت جلد چوتھی بحث بھی ہوگی جس کے لئے راجہ نجابت حسین اور ان کی ٹیم نے ممبران پارلیمنٹ سے کشمیر پٹیشن پر دستخط کروا کر ہمیں مہیا کئے ہیں اور گزشتہ 70سال میں پہلی بار ہم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر انکوائری شروع کروائی ہوئی جس پر بہت جلد کارروائی مکمل ہو جائے گی اور کشمیر گروپ کے عہدیدار ریاست کے دونوں اطراف کا دورہ بھی بہت جلد کریں گے تاکہ دونوں اطراف مقامی اور قومی لیڈر شپ سے ملاقاتوں کے علاوہ انسانی حقوق کے متاثرین سے براہ راست ملاقاتیں کریں گے۔ اس خصوصی نشست میں وزیراعظم نے ممبران پارلیمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاوہ آزاد کشمیر کے تمام سرحدی علاقوں میں بھارت کی افواج سویلین کشمیریوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملین سے زائد برٹش کشمیریوں کے نمائندے ہونے کی حیثیت سے برٹش ارکان پارلیمنٹ پر دہری ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور عالمی سطح پر ہماری معاونت کریں۔ اس موقع پر جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدرکو 12نکات پر مشتمل تجاویز دیں جبکہ اس نشست میں مسلم لیگی رہنمائوں راجہ زبیر اقبال کیانی ، محمد شفیق، توصیف کیانی، شاہدہ جرال، بیگم تہمینہ صادق، راجہ اعجاز محمود اور دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی جبکہ چیئرمین تحریک راجہ نجابت حسین نے دورہ ہائوس آف کامنز میں ممبران پارلیمنٹ جسٹین گریننگ ، نازشاہ ، فلپ ڈیوس، جا ایشورتو، فیبن ہملٹن، ڈیبی ابراہم اور لارڈ ٹموتھی کرک ہوپ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
تازہ ترین