مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور نہیں مضبوط ہے ،شملہ معاہدہ 1971ء کے بعد سے یہ تنازع پاکستان اور ہندوستان کے مابین دو طرفہ مسئلہ بن چکا ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر
بری(راجہ خورشید حمید)وزیراعظم آزاد کشمیرراجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور نہیں مضبوط ہے شملہ معاہدہ 1971ء کے بعد سے یہ تنازع پاکستان اور ہندوستان کے مابین دو طرفہ مسئلہ بن چکا ہے، تنازع کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ نہیں ہے بلکہ بنیادی مسئلہ جموں و کشمیر کے لوگوں کا ہے جن کو اقوام متحدہ کی کئی قراردادوں میں بھی حق خود ارادیت کا حق دیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گریٹر مانچسٹر کے علاقے بری میں معروف کاروباری شخصیت مسلم لیگی رہنما راجہ ارشاد خان کی رہائش گاہ پر اپنےاعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ برطانیہ کے صدر راجہ محمد آصف، چیئرمین اوورسیز راجہ شفیق احمد، راجہ مقصود کاکڑوی ، راجہ ارشد، محمود غازی، مرکزی رابطہ سیکریٹری ، راجہ حق نواز خان، سید اسمعیل شاہ کے علاوہ بڑی تعداد میں کشمیری کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ برطانیہ میں آباد کشمیری کمیونٹی حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر سے بہتر مسئلہ شمیر پر کام کرسکتے ہیں۔ پاکستان ہمارا وکیل اور ہمدرد ہے جس نے ہمیشہ کشمیریویں کا موقف دنیا کے سامنے بہتر انداز میں پیش کیا۔ پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام نہ ہونے کے باعث پاکستان مسئلہ کشمیرپر پوری توجہ نہیں دے سکا کشمیریوں کو اب اپنا مقدمہ خود لڑنا ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ لندن کامنز ویلتھ کانفرنس کے موقع پر کشمیریوں کی تمام سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت سے دنیا کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ کشمیری بھارت سے حق خود ارادیت لینے کیلئے متحد ہیں۔ جیو نیوز کے ایک سوال کے جواب میں راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پولیس کا نظام ابھی ٹھیک نہیں کوشش کررہے ہیں کہ اس میں سفارش اور سیاسی دبائو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات مذاق بن چکے ہیں مسئلہ کشمیر کبھی دو طرفہ مذاکرات سے حل نہیں ہوگا۔ برطانیہ اور یورپی یونین ممالک مسئلہ کشمیر کے متعلق موقف پر دوہرا معیار ہے، انسانی حقوق کی چیمپئن کے دعویداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں نظرنہیں آتیں۔ ہندوستان پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دے مسئلہ کشمیر کا کشمیریوں کی مرضی اور خواہشات کے مطابق حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا کا خطہ بڑی تباہی سے دو چار ہوسکتا ہے۔