• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نادرا کارڈز کی فیس میں کمی خوش آئند، کمیونٹی کو فائدہ ہوگا، سیاسی و سماجی رہنما

برمنگھم(آصف محمود براہٹلوی) نادرا کارڈ فیس میں کمی سے اوورسیز کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ برمنگھم کے مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن برمنگھم کے صدر راجہ تجمل نوابی نے کہا ہے کہ فیسوںمیں کمی سے سمندر پار پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، برطانیہ میں آباد کشمیری اور پاکستانی ملک کو کثیرزرمبادلہ بھیجتے ہیں جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے۔ ایک بڑی فیملی کیلئے نادرا کارڈز کی مد میں بھاری فیسیں ادا کرنااور مہنگے ٹکٹ خرید کر فیملی کو آبائی وطن لے جانا مشکل تھا لیکن اب آسانی ہوگی۔مسلم لیگ ن برطانیہ آزاد کشمیر کے نائب صدر چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں نے کہا ہے کہ نادرا کارڈز کی فیسوں میں کمی کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز نے کہا ہے کہ نادرا کارڈز کی فیسوںمیں کمی کے ساتھ ساتھ حکومت قومی ائر لائن کے کرایوں میں بھی کمی کرے تاکہ وطن میں آسانی کے ساتھ آنے جانے سے رابطے مضبوط ہوسکیں۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مڈلینڈ کے قائم مقام صدر مشتاق مغل نے کہا کہ ہماری حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ وہ ملک کی تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے بھی کوشاں ہے۔ نوجوان سیاسی رہنما چوہدری جبار اورمعروف لیگی رہنما سلیم بٹ نے کہا کہ اچھا فیصلہ ہے۔ نوجوان نسل کو ملک کی جانب راغب کرنے اور وطن کی محبت پروان چڑھانے کیلئے اس طرح کے اقدامات کی ضرورت تھی۔ تنظیم مغلیہ برطانیہ کے صدر محفوظ مغل نے کہا کہ یہ مسلم لیگ کی حکومت کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے پہلی بار نادرا کارڈز کی فیسوں میں کمی کی ہے۔ معروف کمیونٹی رہنما و جامع مسجد ہارونیہ کے وائس چیئرمین راجہ جاوید اقبال انکروی نے کہا ہے کہ پاکستان میں روایت بن گئی تھی جو قیمت ایک بار متعین ہوگئی وہ پھر اوپر ہی جاتی تھی، نیچے آنے کا نام نہ لیتی تھی پہلی بار ایسا ہوا ہے۔ اوورسیز کمیونٹی اس فیصلے پر خوش ہیں، کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈ کے مرکزی رہنما چوہدری عبدالغٖفور کھاڑک نے کہا کہ ہم حکومت کے اچھے کاموں کی تعریف اور غلط کاموں پر تنقید برائے اصلاح کرتے رہیں گے۔ نادرا کارڈز کی فیس کی کمی اچھا اقدام ہے، اوورسیز کمیونٹی کو درپیش دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں۔
تازہ ترین