• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ایتھنز(نیوز ڈیسک)یونانی جزیرے لیسبوس پر تارکین وطن کے ایک گروپ پر انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد نے دھاوا بول دیا۔ اس حملے میں کئی تارکین وطن زخمی ہوگئے۔ یونانی جزیرے لیسبوس کے مرکزی شہر مائیٹیلین کے مرکزی چوراہے پر انتہا پسند پیٹریاٹک موومنٹ کے ارکان نے تارکین وطن کے ایک گروپ پر حملہ کیا۔ اس واقعے میں کم از کم ایک درجن مہاجرین زخمی ہوئے۔ حملوں کے باوجود حاکم نے مہاجرین کو ہدایت دی ہے کہ ان کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر کارروائی کے خاتمے تک وہ وہیں قیام کریں جس مقام پر تارکین وطن پر حملہ کیا گیا۔ وہاں قریباً200 تارکین وطن پچھلے ایک ہفتے سے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔ یہ مہاجرین انتہائی خستہ حال کیمپوں اور ناقص حالت میں گزر بسر پر سراپااحتجاج ہیں۔ تازہ واقعےمیں انتہائی دائیں بازو کے گروپ کے ارکان نے تارکین وطن پر بوتلیں پھینکیں اور انہیں زندہ جلا دو اور انہیں پانی میں پھینک دو جیسے نعرے لگائے۔ بعد ازاں پولیس کی موجودگی کے باوجود حالات سنبھل نہیں پائے۔ اسی دوران دائیں بازو کے حملہ آوروں کے مقابلے میں بائیں بازو کے درجنوں افراد بھی جمع ہوگئے، جو مہاجرین کے دفاع کے لئے جمع ہوئے تھے۔ ان دونوں مختلف سیاسی نظریات کے گروپوں میں تصادم کی بھی اطلاعات ہیں۔ پولیس کو احتجاج اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس استعمال کرنی پڑی۔
تازہ ترین