• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت سے فارما ٹریڈ رز کے مذاکرات کامیاب

پنجاب حکومت سے فارما ٹریڈ رز کے مذاکرات کامیاب

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب حکومت اور فارما ٹریڈ سے منسلک رہنمائوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔جس کے بعد ہڑتال کی کال واپس لے لی گئی ہے۔شیڈول جی کا اطلاق چار سال کیلئے موخر کردیا گیا ہے۔جبکہ ڈرگ ایکٹ 1976کی اصل دفعات کا اطلاق کیمسٹوں اور ٹریڈرز پر نہیں ہوگا بلکہ مینوفیکچرنگ والے زد میں آئیں گے۔مزاکرات میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید،سابق ایم این اے حنیف عباسی،مجتبی شجاع الرحمان ،صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیرکے علاوہ چیئرمین پنجاب فارما ٹریڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی زاہد بختاوری،چیئرمین پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسو سی ایشن ملک ارشد اعوان،سہیل احمد،چوہدری عمران رشید،پی پی ایم اے کے چیئرمین شاہ زیب، اسد شجاع الرحمان اور دیگر شامل تھے۔قبل ازیں ڈرگ ایکٹ میں ترامیم نہ کرنے کے خلاف جمعرات کو راولپنڈی شہر و کینٹ میں فارما ٹریڈ سے منسلک میڈیکل سٹورز مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز نے مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی اور احتجاجی کیمپس لگائے۔میڈیکل اسٹورزبندہونے کے باعث شہری اورمریض خوار ہوگئے ۔جس کے بعد وزیر اعلی شہباز شریف نے ہڑتال کا نوٹس لے لیا اور فارما ٹریڈ ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کو لاہور مذاکرات کیلئے طلب کرلیا ۔قبل ازیں راولپنڈی شہر و کینٹ میں فارما ٹریڈ سے منسلک کاروباری اداروں نے ہڑتال کی۔ ہڑتال میں تمام فارما سیوٹیکل کمپنیاں ،ٹریڈر ،ڈسٹری بیوٹرز ،ہول سیلرز، کیمسٹ شاپ کیپر ،سیلز مین بھی شریک ہوئے ۔ایک ریلی بوہڑ بازار سے لیاقت باغ تک نکالی گئی۔جس کی قیادت چیئرمین پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسو سی ایشن ملک ارشد اعوان نے کی اور لیاقت باغ چوک میں پہنچ کر احتجاجی کیمپ لگایا۔کینٹ میں احتجاج کی قیادت پنجاب فارما ٹریڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین زاہد بختاوری نے کی اور مال روڈ پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔جہاں دن بھر کیمسٹ اور فارما ٹریڈرز بیٹھ کر احتجاج کرتے رہے۔اور مطالبہ کرتے رہے کہ پنجاب حکومت ڈرگ ایکٹ 1976 کو اس کی سابقہ حیثیت میں بحال کرے۔یا مزاکرات کے بعد جو ترامیم تجویز کی گئیں تھیں ان کی اسمبلی سے منظوری کرائی جائے۔احتجاجی کیمپس میں شرکاء کی خاطر تواضع بھی کی گئی۔

تازہ ترین