• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو محدود کرنے کا نہیں کہا، دفتر خارجہ

امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو محدود کرنے کا نہیں کہا، دفتر خارجہ

اسلام آباد(پرویز شوکت،ماریانا بابر) پاکستان نے بھارتی عدالتوں کی جانب سے مکہ مسجد بم دھماکے اور سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ آسیم آنند سمیت دیگر ملزمان کی بتدریج رہائی پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے عدالتی نظام کا مکمل مذاق اڑا رہا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف کارروائی کسی کے کہنے پر نہیں کر رہا، بلکہ یہ ہمارے اپنے ملکی مفاد میں ہے۔بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں مسلسل اضافہ باعث تشویش ہے جبکہ اقوام متحدہ ملٹری آبزرور گروپ کو ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پرصورتحال مانیٹر کرنے کی اجازت بھی نہیں دیتا، افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ مختلف سطح پر رابطے میں ہے، امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے حالیہ دورہ کے موقع پر پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو محدود کرنے کا نہیں کہا۔چین، قازقستان، کیرغیزستان، روس، تاجکستان،ازبکستان اور بھارت کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا فیصلہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت کیا گیا اس کی تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی،دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی عدالتوں کی جانب سے مکہ مسجد بم دھماکے اور سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گرد حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت دیگر ملزمان کی بتدریج رہائی باعث تشویش ہے اور بھارت اس اقدام کے ذریعے اپنے عدالتی نظام کا مکمل مذاق اڑا رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ جمعرات کی صبح بھارتی فورسز نے بلاا شتعال پدھر سیکٹر کے ذیلی سیکٹرز تھب اور بنچریاں میں بھاری خودکار ہتھیاروں، مارٹرز اور ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل فائر کئے اور براملہ گائوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں کھیتوں میں کام کرنے والے نذیر اور رفیق نامی دو بیگناہ سویلین شہید اور دو زخمی ہوئے۔رواں سال کے دوران بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر ایک ہزا رخلاف ورزیاں کی ہیں جس کے نتیجے میں متعدد فوجی اور شہری جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں شہید ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا۔ ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت یو این ملٹری آبزرور گروپ کو ورکنگ بائونڈری اور ایل او سی پر کام کرنے نہیں دیتا تاکہ وہ صورتحال کو مانیٹر نہ کر سکیں۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں امریکی سفارتکار ایلس ویز کا حالیہ دورہ پاک امریکہ مسلسل رابطوں کی ایک کڑی تھی۔امریکی نائب وزیر خارجہ سے دوطرفہ تعلقات، افغان مہاجرین،کشمیر کے تنازعہ، افغانستان سے حملوں اور افغانستان کے تحفظات سمیت ایک پاکستانی کو گاڑی کے نیچے دے کر مارنے والے امریکی سفارتکار کرنل جوزف اور پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت پر پابندی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو محدود کرنے کو نہیں کہا۔ ترجمان نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کثیر الجہتی ہیں اور بھارتی وزیراعظم کے دورہ چین سے پاک چین تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی ایک زہر ہے جسے معاشرے سے نکالنا ہے، یہ ہمارے اپنے ملکی مفاد میں ہے، اس کے نتیجہ میں ملکی سیکورٹی میں بہتری آئی ہے۔افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ افغانستان کا تنازعہ فوجی طاقت سے حل نہیں کیا جا سکتا۔گزشتہ 17 سال کے دوران فوجی آپریشنز نے افغان عوام کے مصائب میں مزید اضافہ کیا ہے۔

تازہ ترین