• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدعنوانی برائیوں کی جڑ ، احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ، چیئرمین نیب

لاہور (نیوزرپورٹر) چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی برائیوں کی جڑ ، احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، بدعنوان عناصر سے اب تک لوٹےگئے 296 ارب روپے خزانے میں جمع کرائے ہیں،نیب بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عملدرآمد پر پختہ یقین رکھتا ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لایا ہے، تمام انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق چل رہی ہیں جبکہ کرپشن سے متعلق شکایت کنندگان کی شکایات کو نیب قوانین کے مطابق نمٹایا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں کھلی کچہری میں عوامی شکایات کی سماعت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، چیئرمین نیب نے لوگوں کی انفرادی شکایات تحمل سے سنیں اور ان کی شکایات قانون کے مطابق نمٹانے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے ، چیئرمین اپنے وعدے کے مطابق ملک بھر سے آنے والے شکایات کنندگان کی شکایات سن رہے ہیں اور ان کے مسائل کے قانون کے مطابق حل کے لئے احکامات جاری کر رہے ہیں، چیئرمین نیب نہ صرف خود بدعنوانی کے خلاف عوامی شکایات سن رہے ہیں بلکہ انہوں نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر مہینے کی آخری جمعرات کو دو سے چار بجے کے درمیان اپنے متعلقہ بیوروز میں بدعنوانی سے متعلق عوامی شکایات سنیں، چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹرز جنرلز نہ صرف عوامی شکایات سن رہے ہیں بلکہ ان شکایات کو قانون کے مطابق نمٹانے کے لئے موقع پر احکامات جاری کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیب نے سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک تقریباً 84 ارب ڈالر کا مقروض ہے مگر اس قرض کے پیسے کا مصرف کہیں نظر نہیں آتا،بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ،نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 296 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو کہ اہم کامیابی ہے، یہ کامیابی نیب افسران کی محنت اور مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے جو بدعنوانی کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں، چیئرمین نیب نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ شکایات کنندگان کی عزت نفس اور تمام شکایات کے ازالے کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین