• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار، 100 انڈیکس میں 257 پوائنٹس کی کمی

اسٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار، 100 انڈیکس میں 257 پوائنٹس کی کمی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سیاسی بے یقینی کے اثرات کے باعث جمعرات کو بھی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 257پوائنٹس کم ہو گیا۔سرمایہ کاری مالیت میں 49ارب 2 کروڑ روپے سے زائدکی کمی ہوگئی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 5.75 فیصدکم جبکہ 58.01 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے منافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس 45782 پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیا تاہم سیاسی افق پر چھائی بے یقینی کی کیفیت کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپوں نے سرمایہ کاری سےگریز کیا،جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور 100انڈیکس 45428پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا،تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میں 100انڈیکس 45450 پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا تاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس 257.47 پوائنٹس کمی سے 45460.87 پوائنٹس پر بند ہوا۔جمعرات کومجموعی طور پر 393کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے 147کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 228 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 18 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 49ارب 2کروڑ 42لاکھ 6ہزار 378روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 93کھرب 76ارب 15 کروڑ 38لاکھ 4ہزار 476روپے ہو گئی ۔جمعرات کو 17کروڑ 3 لاکھ 7 ہزار 60شیئرز کا کاروبار ہوا ، جوبدھ کی نسبت ایک کروڑ 4 لاکھ 460شیئرزکم ہے ۔

تازہ ترین