• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان ریلیف پیکیج، حکومت ایک ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کریگی

رمضان ریلیف پیکیج، حکومت ایک ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کریگی

اسلام آباد(اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی طرف سے فراہم کردہ 19 اشیائے ضروریہ کے لئے رمضان ریلیف پیکیج 2018ءکی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت جن اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی ان میں آٹا، چینی، خوردنی تیل و گھی، دالوں، بیسن، کھجوروں، چاول، سکواشز، دودھ اور چائے شامل ہیں۔ حکومت اس پیکیج کے تحت ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے تحت روزمرہ استعمال کی اشیا مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کی جانی چاہئیں۔ ای سی سی نے 660 کلو واٹ ایچ وی ڈی سی مٹیاری ۔ لاہور ٹرانسمیشن لائن کی فنانشل کلوزنگ تاریخ میں پرفارمنس گارنٹی کی رقم دگنا کئے بغیر 7 ماہ یعنی یکم دسمبر 2018ءتک توسیع کی بھی منظوری دی۔ یہ فیصلہ تھر اور کراچی کے قریب کوئلہ سے چلنے والے بجلی کے آئندہ منصوبوں اور کراچی میں 1100 میگاواٹ کے ٹو پراجیکٹ کی الائنمنٹ کے لئے کیا گیا ہے۔ ای سی سی نے پاور ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے اہتمام کردہ نئی مالیاتی سہولت کے طور پر کمرشل بینکوں کے ذریعے 100 ارب روپے جمع کرنے کے لئے پاور ڈویژن کی تجویز کی منظوری بھی دی۔ قرضہ کی رقم سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی اور شعبہ جاتی اداروں کے حوالے سے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے واجبات کی ادائیگی کے لئے استعمال کی جائے گی۔ مالی سال 2017-18ءکے لئے ٹوبیکو کے سیس ریٹس پر نظرثانی کی بھی منظوری دی گئی۔ قومی اقتصادی کمیٹی نے پاسکو کو سمندری راستے کے ذریعے 155 ڈالر فی ٹن کے ری بیٹ پر 5 لاکھ ٹن فاضل گندم برآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

تازہ ترین