• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنہیں چوکیدار بنایا وہ چوروں سے مل گئے، مصطفیٰ کمال

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حیدرآباد کے عوام نے جن لوگوں کو چوکیدار بنایا وہ چوروں سے مل گئے‘ اربوں روپے فنڈز کہاں گئے‘ میئر حیدرآباد تم تو امریکا بھاگ جاؤ گے لیکن ہمیں یہیں رہنا ہے‘ خون پسینہ بہا کر جن لوگوں کو کرسیوں پر بیٹھایا وہی شہریوں کا خون چوس رہے ہیں‘ میں آخری موقع دے رہا ہوں اللہ سے معافی مانگو اور آجاؤ ورنہ پھر تمہیں موقع نہیں ملے گا‘ ہمیں عوام ووٹ دے گی تو ہم صاف پانی ‘ بجلی کی فراہمی اور صحت و صفائی کا بہترین نظام دیں گے۔وہ حیدرآباد میں کوہ نور چوک پر ’آواز حیدر آباد‘ ریلی سے خطاب کررہے تھے ۔ مصطفی کمال کا مزید کہنا تھا کہ حیدرآباد اور کراچی میں بارہ بارہ گھنٹے بجلی نہیں آرہی ہے گندا پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے کچرے کے جگہ جگہ ڈھیر لگے ہو ئے ہیں شہریوں کو علاج کی سہولتیں نہیں ‘زہریلا پانی پینے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی قدم گاہ مولیٰ علی سے اسٹیشن تک گندا بدبو دار پانی بہہ رہا ہے کہاں ہے حیدرآباد کا میئر وہ کیوں عوام کے مسائل حل نہیں کرتا مجھے معلوم ہے تمہارے پاس امریکی شہریت ہے تم تو امریکا بھاگ جاؤ گے لیکن ہمیں یہیں رہنا ہے۔ ’آواز حیدرآباد‘ ریلی کا آغاز ہیرآباد سے ہوا جس کا اختتام کوہ نورچوک پر ہوا ۔ریلی میں پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی‘ وسیم آفتاب‘ شبیر قائم خانی‘ ڈاکٹر جمیل راٹھور‘ اراکین اسمبلی آصف حسنین‘ فوزیہ‘ نائلہ‘ ناہید‘ سلیم بندھانی ‘ارتضیٰ فاروقی‘ مزمل قریشی‘حاجی انور رضا‘ڈپٹی میئر ارشد وہرہ‘ سیف الدین خالد‘محبوب ‘ندیم قاضی ‘ رضوان گدی اور دیگر بھی شریک تھے ۔
تازہ ترین