• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بجلی،پانی کا بحران،جماعت اسلامی کی آج پرامن ہڑتال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی کے باوجود کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا نہ ہی پانی کا بحران ختم ہوا، جماعت اسلامی کی اپیل پر آج (جمعہ کو ) لوڈ شیڈنگ اور پانی کے بحران کیخلاف پرامن اور رضاکارانہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی ،ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے شر پسند عناصر اور نا معلوم افراد کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، کراچی کی تاجر ، ٹرانسپورٹ ، مزدور ، وکلاء تنظیموں ، مختلف ایسوسی ایشنز دینی و سیاسی جماعتوں اور مختلف طبقات نے ہڑتال کی مکمل حمایت اور تائید کا اعلان کیا ہے ، سب مل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں کے الیکٹرک اور پانی کی کی عدم فراہمی کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کے سلسلے میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امراء کراچی برجیس احمد ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ، ڈپٹی سیکرٹریز سیف الدین ایڈوکیٹ ،راشد قریشی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، مختلف تنظیموں سے وابستہ نمائندوں سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے کے الیکٹرک کو تو گیس کی فراہمی شروع کرادی لیکن کے الیکٹرک کو اپنے پلانٹ پوری صلاحیت کے ساتھ چلانے اور فرنس آئل کے بند پلانٹ چلانے کی کوئی ہدایت نہیں کی ۔ وزیر اعظم نے لوڈ شیڈنگ کی صورتحال میں جزوی طور پر بہتری پیدا کرا کے عوام کو دھوکا دیا اور کے الیکٹرک کی حمایت کی ہے اور اس کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے اسے تحفظ فراہم کیا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کل کی ہڑتال کا کراچی کی مختلف جماعتوں ، تاجر وصنعتکاراور ٹرانسپورٹ تنظیموں، واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن اور دیگرنے حمایت کا اعلان کیا ہے ان میں کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد حسین بخاری،آل پاکستان اتفاق آئل ٹینکر ز اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اقبال جہانگیری ،اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد اور تاجر اتحادکراچی کے صدر رمضان اعوان، آل سٹی تاجر اتحاد کے حماد پونا والا ،صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد سلیم منگریو، کراچی بار ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری اشفاق علی گلال، کراچی ٹیکسی اینڈ موٹر رکشہ و یلو کیپ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اورآل پاکستان انٹر پرویژنل بس اونرز ایسوسی ایشن کے چیف پیٹرن حافظ الحق حسن زئی ،سمامہ مارکیٹ ایسوسی ایشن گلستان جوہر کے صدر حاجی طور خان ،انجمن تاجران سعید آباد کے چیئرمین انور نیازی اور صدر حکیم عمران، تاجر ویلفیئر ایسوسی ایشن شاہراہ علی بلدیہ ٹاؤن کے صدر عمران بٹ ، 24مارکیٹ چاندنی چوک مارکیٹ کے صدر محمد عالم ،کراچی واٹر ٹینکرز اونرز ایسو سی ایشن کے چیئر مین افتخا ر احمد عباسی ،سرائیکی پارٹی پاکستان کے چیئر مین ملک رحمت اللہ ،جنرل سیکریٹری سلمان ایڈوکیٹ ،جامعہ قرطبہ شریں جناح کالونی کے مہتمم اور تنظیم اصلا ح معاشرہ کے صدر مفتی مطیع الرحمن ،ڈاک لیبر یونین CBAکے حاجی گل محمد آفریدی ، میٹھادر مارکیٹ ، کراچی بیٹری ایسوسی ایشن جامع کلاتھ مارکیٹ ، بولٹن مارکیٹ ، سندھ تاجر اتحاد ، لیاقت آباد اسٹیل مارکیٹ ، تاجران قائد آباد بوہری بازار ، سولجر بازار ،جوڑیا بازار، جمعیت العلمائے اسلام (ف)کے قاری محمد عثمان ، جمعیت العلمائے پاکستان کے مستقیم نورانی ، مہتمم جامعہ دارالخیر مولانا اسفندیار ، مہتمم اشرف المدارس مولانا حکیم مظہر، مہتمم جامعہ ستاریہ اسلامیہ کے علامہ محمد سلفی، صدراتحاد العلمائے سندھ مولانا عبد الرؤف ، چیئرمین سنی علماء کونسل سندھ کے مولانا اشرف گورمانی ،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید، متحدہ مجلس عمل سندھ کے جنرل سیکریٹری و اسلامی تحریک کے علامہ ناظر تقوی ، جمعیت اہلحدیث کے افضل سردار ، نمائندہ فشریز ایسوسی ایشن عبد الکریم ناکوا ،کے الیکٹرک شیئر ہولڈرز کے چوہدری مظہر علی ، خاکسار تحریک کے حکیم نصر عسکری اور شاہ کفیل احمد شامل ہیں۔
تازہ ترین