• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کیخلاف تحریک استحقاق، تحریک انصاف کے رکن کا اسمبلی میں بلانے کا مطالبہ

پشاور(سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت پشاور سے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب رکن خیبر پختونخوا اسمبلی یاسین خان خلیل نے پارٹی چیئرمین عمران خان کیخلاف تحریک استحقاق جمع کراتے ہوئے انہیں صوبائی اسمبلی طلب کرنے اور20ارکان پر ووٹ بیچنے کے الزامات لگانے کے باوجود ثبوت پیش نہ کرنے پر ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے، یاسین خان خلیل کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 18اپریل کو عمران خان نے پریس کانفرنس کے دوران خیبر پختونخوا کے20ایم پی ایز پر سینٹ میں ووٹ بیچنے کا الزام لگایا جبکہ اس سے قبل نہ تو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی ووٹ بیچنے کے کوئی ثبوت دیئے گئے اس صوبے میں ایم پی ایز کی عزت ہے اور یہ ایم پی ایز اپنے اپنے حلقوں کی نمائندگی کرتے ہیںان کو اس طرح بغیر کسی ثبوت کے بدنام کرنا نہ تو پختون معاشرے میں نہ اسلام میں نہ پاکستان کے آئین و قانون میں اور نہ ہی تحریک انصاف کے منشور میں گنجائش یا مثال موجود ہے لہٰذا اس پریس کانفرنس سے نہ صرف ان کا بلکہ خیبر پختونخوا کے تمام عزت دار پختونوں ا ن کے حلقہ نیابت اور پوری صوبائی اسمبلی کا استحقاق مجروح ہو اہے یہ اسمبلی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو طلب کرکے ان سے الزامات کے تمام ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے جبکہ ناکامی اور ثبوت فراہم نہ کرنے کی صورت میں صوبائی اسمبلی اور پختونخوا کے عوام سے معافی مانگیں۔
تازہ ترین