• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
لکڑی کے دروازے ...عمدہ ذوق کی علامت

لکڑی کے دروازےسستے ہوتے ہیں، صاف کرنے میں بھی آسان ثابت ہوتے ہیں اوران میں زنگ لگنے کا بھی خطرہ نہیں ہوتا۔بہت سے لوگ لکڑی کا فرنیچر بنوانا یا خریدنا زیادہ پسند کرتے ہیں اور اسکی وجہ لکڑی کی مضبوطی اور پائیداری ہے جو لوگوں کو قائل کرلیتی ہے کہ اس سے بنے دروازے طویل عرصے تک پائیداری فراہم کرسکتے ہیں ۔

لکڑی کے دروازے عرصہ دراز سے استعمال ہوتے آئے ہیں اور ان پر نقش و نگار بھی خوبصورت دکھائی دیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے اس تخلیقی عمل کو جدید اور روایتی انداز دونوں ہی میسر ہیں۔ ان لکڑی کے دروازوںکو کبھی پالش سے ماڈرن بنایا جاتاہے تو کبھی لکڑی پر ہی کاریگری کرکے اسے خوبصورت بنایا جاتا ہے۔

اند رکمروں کے ساتھ ساتھ گھر کے مرکزی دروازے کو بھی لکڑی کا بنایا جا سکتا ہے لیکن وہ پائیداری اور مضبوطی کی باکما ل ہونا چاہئے۔ اسکے علاوہ باتھ روم، باورچی خانے، کھانے کے کمرے، گودام، چھت، ٹی وی لاؤنج، گیراج میں بھی لکڑی کا دروازہ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوتا ہے۔

لکڑی کی کچھ اقسام میں چیڑ،دیار، شیشم،کیکر اور صنوبر ہیں جو ان دروازوں کے بنانے میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ کمرے کی مناسبت اور وہاں کے ماحول اور موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے دروازے کی لکڑی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ کچھ بڑے اور وسیع گھروں یا بنگلوں میں ان دروازوں کا انتخاب بہت بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے جس سے اس وسیع گھر کی بڑی دیواریں انتہائی خوبصورت اور منفرد دکھائی دیتی ہیں۔

لکڑی کے دروازے گھر کی دلکشی کا سب سے اہم عنصر ہوتے ہیں۔یہ نہ صرف خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ان پر خوبصورت ڈیزائن کشیدہ کرنے میں آسانی رہتی ہے۔تاریخی ورثے میں ہمیں اپنے پرانے اور تاریخی محلات،عبادت گاہیں اور عمارتیں لکڑی کے دلکش کام اور تاریخی ورثہ سے بھرے ھوئے ہیں۔یقینی طور پر ان تاریخی محلات اور تاریخی مقامات کے داخلے پر لکڑی سے بنے دلکش دروازے نصب ہوتے ہیں۔جو کہ لکڑی پر کام کا شاہکار ثابت ہوتے ہیں۔

 لکڑی کے دروازےبے شمارا سٹائل اور دلکش انداز میں دستیاب ہوتے ہیں۔ بہت سے دروازے نہایت سادہ سی لکڑی سے بنائے جاتے ہیں ا ور بہت سے بغیر کناروں اور ڈیزائن کے لیکن بہت ہی مضبوط ہوتے ہیں ۔اکیسویں صدی کے لکڑی کے ماہر کاریگر اسی طرح کے ڈیزائنوں پر کام کر رہے ہیں اور متعدد جدید جیومیٹریکل اور رنگین اسٹائل متعارف کروارہے ہیں جو کہ اپنی بناوٹ اور اشکال کے اعتبار سےخوبصورت بھی ہوتے ہیں اور مضبوط بھی۔

گھر میں لکڑی کے بیرونی دروازے کو نصب کرنے کے بہت سے انداز ہو سکتے ہیں۔ بلاشبہ بیرونی دروازہ اگر خوبصورت ہوتو گھر کی خوبصورتی اور دلکشی میں اہم کردار ادا کرتا ہےاور مہمانوں کے استقبال کیلئے اپنی بانہیں پھیلادیتاہےاوراس قسم کے دروازوں کی دلکشی اور خوبصورتی باہر سے آنے والے مہمانوں کو نظر آتی ہےتو وہ دل ہی دل میں آپ کے ذوق کو داد دیے بنا رہ نہیں پاتے ۔

عام طور پر لکڑی کے دروازوں کے دو نقصانات ہیں جو آسانی سے ختم کئے جا سکتے ہیں۔پہلی صورت میں اگر لکڑی کے دروازے کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو لکڑی کو کھانے والی دیمک پیدا ہو جاتی ہے جودروازے کی خوبصورتی اور مضبوطی کو ختم کر دیتی ہے ۔ اس کے علاوہ نمی کی زیادتی کی وجہ سے اس پر پھپھوندی لگ سکتی ہے۔ اس کا حل یہی ہے کہ کچھ مہینوں بعد دروازے پر مناسب رنگ و روغن اور کیڑے مار دوائی استعمال کرکے اسے نقصان پہچانے والے کیڑوںسے بچاؤ فراہم کرتے رہیں تاکہ دروازے کی دلکشی اور مضبوطی برقرار رہے۔

عام طور پر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لکڑی کی مضبوطی دوسرے مواد جیسے لوہے اور سٹیل کے مقابلے میں کم ہو جاتی ہے۔ اس خطرے کے پیش نظر آپ اس دروازے میں لوہے اور سٹیل کا عُنصر شامل کر سکتے ہیں جس سے دروازہ میں لکڑی کی قدرتی خوبصورتی بھی برقرار رہتی ھے اور لوہے جیسی مضبوطی بھی۔اس سلسلے میں آپ کسی ماہر کارپینٹر کی خدمات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

اگر آپ گھر کا بیرونی دروازہ بنانے جارہے ہیں توروایتی بلوٹ لکڑی ان دروازوں کے لئے بہت موزوں ہو گی۔ کیوں کہ اس لکڑی میں نمی اور بارش کے پانی کے خلاف کافی مزاحمت پائی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے عام طور پر دروازے کے لئے ان روایتی لکڑیوں میں شیشم، بیر اور پڑتل کی اقسام کو بہت ترجیح دی جاتی ہے۔

حتٰی کہ جن علاقوں میں یہ اقسام نہیں پائی جاتی وہاں بھی اس لکڑی کی بہت مانگ ہے۔ اس کے علاوہ ان لکڑیوں کے ساتھ دیودار اور چیڑ کی لکڑیوں کے دروازے بھی بہت پسند کئے جاتے ہیں کیوں کہ یہ بھی مضبوط ہوتے ہیں اور موسمی تبدیلیوں کے خلاف طویل عرصے تک قائم رہتے ہیں۔

دروازوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کیلئےد قدرتی اجزاء جیسے تیل وغیرہ یا کیمیکل وارنش کو بھی استعمال کیا جاتاہے۔ اگر آپ کسی بھی وجہ لکڑی پر رنگ نہیں کرنا چاہتے تو اس کی حفاظت کے لئے اس پر پانی کی مزاحمتی وارنش کا استعمال کریں یہ رویتی وارنش سے زیادہ مؤثر اوردلکشی پیدا کرتی ہے۔ 

ان مصنوعات کی بدولت لکڑی کے دروازوں کی مناسب دیکھ بھال اور مرمت کی جا سکتی ہےانہیں موسمی اثرات سے محفوظ رکھا جاسکتاہے، اور طویل عرصے تک ہم دروازوں کی دلکشی برقرار رکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین