• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
شوکت خانم اسپتال کا امریکی ادارےسےالحاق

پاکستان کے شوکت خانم میمو ریل اسپتال کا امریکی جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سے الحاق ہوگیا ہے،عمران خان نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہو ئے اسپتال کی پوری ٹیم کو مبارکباد کا مستحق قرار دیا ہے۔


چیئر مین تحریک انصاف نے اس موقع پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن میرے لئے انتہائی مسرت و اطمینان کا باعث ہے کہ آج شوکت خانم کو امریکی جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سے الحاق حاصل ہوا۔ کئی روز تک مکمل جانچ پڑتال کے بعد عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے کہ شوکت خانم بین الاقوامی معیار کی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔

ان کا پیغام میں مزید کہنا ہے کہ اسپتال سے وابستہ ڈاکٹروں اور اور نرسوں سمیت پورے عملے، جو کہ سب پاکستانی ہیں، کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ جنہوں نے عملی طور پر ثابت کیا کہ پاکستانی پختہ ارادے اور عزم مصمم کے بل بوتے پر عالمی معیار کے ادارے بنانے اورچلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

سب سے خوشی کی بات تو یہ ہے کہ شوکت خانم اپنے 75 فیصد مریضوں کو مفت علاج فراہم کرتا ہے، صاحب ثروت اور غریب ترین مریضوں کو بلاامتیاز عالمی معیار کے علاج کی فراہمی شوکت خانم ہی کا طرہ امتیاز ہے۔

اس سنگ میل کے حصول کیلئے پوری جانفشانی سے شب و روز محنت کرنے والی شوکت خانم کی ٹیم خصوصی طور پر مبارکباد کی مستحق ہے۔

تازہ ترین