• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت خطے میں اپنی من مانیوں اور بالا دست طاقت بننے کی راہ میں پاکستان کو سب سے بڑی رکاوٹ سمجھنے کی بناء پر اور کشمیر پر اپنا ناجائز تسلط برقرار رکھنے کی خاطر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوششوں میں مسلسل مصروف رہتا ہے۔اس کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں جن کے نتیجے میں معصوم شہری جانی ومالی نقصان اٹھاتے ہیں۔دفتر خارجہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2016ء میں بھارت کی طرف سے450 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، جس کی وجہ سے 33معصوم شہری لقمہ اجل بن گئے۔ 2017ء میں 1900مرتبہ خلاف ورزی کی گئی جس کے باعث 823قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ 2018ء میں اب تک بھارت 1000سے زائد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو چکا ہے ۔ اِس بلا اشتعال فائرنگ کی وجہ سے رواں سال اب تک 112خواتین اور بچوں سمیت 219معصوم شہری شہید ہو چکے ہیں۔بھارت کی اِس ہٹ دھرمی اور درندگی کی پالیسی کے پیش نظر ، آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھارتی ہم منصب کیساتھ ہاٹ لائن پر رابطہ کیا ہے۔جس کا مقصد بھارتی ہم منصب کے سامنے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھانا تھا، کیونکہ پاکستان علاقائی امن کو دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد کا لازمی تقاضا قرار دیتا ہے۔ لہٰذابھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری اہلیت رکھنے کے باوجود مذاکرات ہی کو مسائل کا بہترین حل سمجھتا ہے۔ڈی جی ایم او کے مطابق بھارت کی غیر پیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی کارروائیاں اشتعال انگیز اور امن کیلئے تباہ کن ہیں۔بھارت اقوام عالم کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کیلئے در اندازی کے جھوٹے بہانے کی آڑ میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارتی جارحیت کا مناسب جواب دینے کے ساتھ ساتھ اقوام عالم کے سامنے اِس کا اصل چہرہ بھی بے نقاب کیا جائے اور عالمی دباؤ کی مدد سے بھارت کو سیز فائر کی مزید خلاف ورزیوں سے دور رکھا جائے۔

تازہ ترین