• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی بجٹ میں شہر کیلئے کچھ نہیں، ناانصافی بند ہونی چاہئے، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں کراچی کے منصوبوں کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی ، کراچی کے ساتھ ناانصافی بند ہونی چاہئے اور اس کا جائز مقام اور حصہ ملنا چاہئے۔ گزشتہ روز یہاں کے ایم سی کے زیر اہتمام کورنگی میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کو دوکروڑ درختوں کی کمی کا سامنا ہے، کے ایم سی کے زیراہتمام شجر کاری مہم شروع کی گئی ہے تاکہ شہرکو ایک اچھا ماحول فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے مختلف علاقوں میں شجر کاری کے سلسلے میں پودے لگائے جاتے ہیں، مقامی افراد اور متعلقہ یونین کمیٹی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ پودا بڑا ہونے تک نہ صرف ان کی حفاظت کریں بلکہ ان کو پانی دینے سمیت ان کی نگہداشت کا فریضہ بھی انجام دیں تا کہ یہ پودے تناور درختوں میں تبدیل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرا بھرا کراچی ان کی ترجیحات میں شامل ہے، کے ایم سی اور تمام ڈی ایم سیز اپنے اپنے علاقوں میں لازمی طور پر شجر کاری کریں۔ میئر کراچی نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ جس قدر ممکن ہو شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ شاہراہ پاکستان ، شارع فیصل ، کورنگی روڈ، آٹھ ہزار روڈ اور دیگر بڑی بڑی سڑکوں پر شجر کاری مہم جاری ہے اور کراچی کی انٹر سٹی سڑکوں پر پہلے مرحلے میں شجرکاری مکمل کی جائے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ جو ملٹی نیشنل کمپنیاں، ادارے اور این جی اوز کراچی میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں ہمارے ساتھ دینا چاہئیں ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اور ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے اپنے علاقوں میں جہاں ان کے دفاتر اور فیکٹریاں قائم ہیں وہاں شجر کاری کریں اور علاقے کو خوبصورت بنائیں ۔ ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین سید احمر علی، منتخب نمائندے ، کے ایم سی کے سینئر افسران اور شہری بھی وہاں موجود تھے۔

تازہ ترین