• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت کو بجٹ منظوری میں مشکلات کا سامنا، اپوزیشن کی حمایت کیلئے جرگہ بھجوانے کا فیصلہ

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال2018-19کے بجٹ کی منظوری میں مشکلات کے بعدتعاون اور حمایت کے حصول کیلئے اپوزیشن کے پاس جرگہ بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے آج قائد حزب اختلاف سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کیساتھ رابطے کئے جائیں گے،تحریک انصاف کو123رکنی اسمبلی میں صرف45ارکان کی حمایت، سپیکر کی قیادت میں جرگہ تشکیل، صوبائی وزرا بھی شامل ہیں، خیبر پختونخوا کی حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے سینٹ انتخابات میں ووٹ بیچنے کے الزامات کے بعد پارٹی کے 20ارکان شوکاز نوٹس جاری کرنے اور اب جماعت اسلامی کو حکومت سے نکلنے کے اعلان کے بعد صوبائی حکومت اکثریت کھو چکی ہے اور123رکنی صوبائی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد صرف45رہ چکی ہے جس کے باعث صوبائی حکومت کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے حوالے سے دشواریوں کا سامنا ہے اور اپوزیشن کی حمایت کے بغیر بجٹ کی منظوری ممکن نہیں ،مذکورہ صورت حال کو مد نظررکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے اپوزیشن قائدین کے پاس جرگہ بھیجنے کا فیصلہ کیاہے جس کی قیادت سپیکر اسدقیصر کرینگے جبکہ جرگے میں صوبائی وزراء اورحکومتی ارکان شامل ہونگے ،مذکورہ جرگہ قائد حزب اختلاف مولانا لطف الرحمٰن اور اپوزیشن قائدین سے بجٹ منظوری کے عمل میں تعاون کیلئے باقاعدہ طور پر درخواست کریں گے جس کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے موقف اپنایاجارہاہے کہ صوبہ کے بہترین مفاد اور مالی امور میں تسلسل کیلئے بجٹ منظوری میں اپوزیشن ،حکومت کا ساتھ دے ،اس حوالے سے سپیکر اسدقیصر آج لاہور سے واپسی کے بعد اپوزیشن رہنمائوں کیساتھ رابطے شروع کرینگے ۔

تازہ ترین