• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


رنگ ہی رنگ، خوشبو ہی خوشبو...


تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: سائرہ
ملبوسات: سوہا نگم
آرایش: روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایس ایم ریاض
لے آؤٹ: نوید رشید

مُلک بَھر میں کہیں موسم کم، تو کہیں زیادہ گرم ہے۔ مون سون کا آغاز بھی ہوا چاہتا ہے اور پھر رمضان المبارک کی بھی آمد آمد ہے۔ یوں تو ہمارے یہاں سارا سال ہی شادی بیاہ کے علاوہ بھی رنگا رنگ تقاریب کا کوئی نہ کوئی بہانہ بنتا ہی رہتا ہے، مگر ان دِنوں تو جیسے تقریبات کا ریلا سا آیا ہوا ہے۔ جسے دیکھو، کسی نہ کسی تقریب میں جانے کی تیاری میں ہے۔ 

تو ہم نے بھی سوچا لان، کاٹن کے ملبوسات تو ستمبر، اکتوبر تک چلتے ہی رہیں گے۔ کیوں نہ آج آپ کے لیے کچھ تقریباتی پہناووں کا اہتمام ہوجائے۔تو لیجیے،موقع محل کی عین مناسبت سے ایک خُوب صُورت سا انتخاب پیشِ خدمت ہے۔

ذرا دیکھیے،گہرے جامنی رنگ شرارے کے ساتھ فون کلر میں، انگرکھا اسٹائل ایمبرائڈرڈ سائیڈ ٹیل شرٹ کیسی پیاری لگ رہی ہے۔قمیص کے گھیر پر کٹ روک کے ساتھ کہیں کہیں بیڈز ٹانکے گئے ہیں،تو آستینوں پر بٹنز کی آرایش بھی بہت بھلی لگ رہی ہے اور اُس پر نیٹ کا دوپٹا۔پھر آف وائٹ رنگ پینسل ٹراؤزر کے ساتھ سُرخ رنگ پیپلم کی تو کیا ہی بات ہے۔ پیپلم کے گھیر پر سُرخ اور نیلے رنگوں کی فِرل اسٹائلش لُک دے رہی ہے، تو ٹراؤزر کی ایک سائیڈ پر موتی کی آرایش بھی خُوب ہے۔ 

اسی طرح آتشی گلابی رنگ بنارسی نیٹ ڈبل لئیر غرارے کے ساتھ قدرے لمبی فون رنگ ایمبرائڈرڈشرٹ کا جلوہ ہے، تو ٹرکوائز، فون، گِرے اور بلیو کے منفرد سے کامبی نیشن میں ٹراؤزر، شرٹ، دوپٹے کا بھی جواب نہیں۔اور پھر ملٹی شیڈڈ نیٹ کے شرارے اور سلک فیبرک کی چٹا پٹی شرٹ کے ساتھ نیٹ کے دوپٹے نے تو گویا پوری بزم ہی کو دو آتشہ کردیا ہے۔

اگر عن قریب خاندان میں یاپھر کسی سکھی سہیلی کی مایوں، مہندی یا شادی کی کوئی تقریب ہے، تو آپ بلا جھجک اِن منفرد و دِل کش پہناووں سے آراستہ ہوسکتی ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین