• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
لعل شہباز قلندر کے عرس پر 4400 پولیس اہلکار تعینات

سندھ پولیس کے انسداد دہشت گردی کے شعبے کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ سہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر پولیس نے انتہائی فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے ہیں۔ اعلیٰ حکام کی نگرانی میں 4400 اہلکار لعل شہباز قلندر کے مزار اور سہون میں تعینات ہیں۔

عرس کے موقع پر سیکورٹی کے حوالے سے سی ٹی ڈی سندھ کا اہم اجلاس ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی کی سربراہی میں سہون میں ہوا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور پولیس کے دیگر شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ سندھ کے سربراہ ثناءاللہ عباسی نے مزار اور اطراف کے علاقے کا دورہ کیا اور کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

مزار کے دورے کے بعد ’ـجنگ‘ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے کہا کہ سہون میں سیکورٹی انتظامات فول پروف ہیں۔ اعلیٰ پولیس اعلیٰ حکام خود سہون میں موجود ہیں جو سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ثناء اللہ عباسی نے بتایا کہ لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر مزار کے اطرافی علاقے اور سہون میں مجموعی طور پر 4400 اہلکاروں کی نفری تعینات کی گئی ہے۔

عرس کی تقریبات کی حفاظتی انتظامات کے لیے جدید تکنیک بھی استعمال کی جا رہی ہے۔سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد سادہ کپڑوں میں ڈیوٹی پر تعینات کردی گئی۔

شہری بے خوف و خطر لعل شہباز قلندر کے عرس کی تقریبات میں شرکت کریں۔ انہوں نے زائرین اور عرس کے شرکاء سے اپیل کی کسی بھی ممکنہ خدشے یا خطرے کی صورت میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔

تازہ ترین