• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی کی سیاست کا محور صرف عوام ہیں،آصف زرداری

اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پنجاب اور خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے متعدد رہنماؤں نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، ان شخصیات میں چیئرمین یونین کونسل چوٹ دیران ناصر عباس تارڑ، سرگودھا کے غلام مرتضی پنجوتا اور سرفراز پنجوتا، چیئرمین چک مبارک سکندر حیات دریانا اور غلام عباس گوندل، مسلم لیگ(ن) کے پی کے نائب صدر امان اللہ خان، جنرل سیکرٹری ضلع بار نوشہرہ عثمان خان، مسلم لیگ(ن) کے نائب ناظمین فرمان دتہ خان اور ڈاکٹر اصغر شامل ہیں، سابق صدر نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنیوالوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی کی سیاست کا محور صرف عوام ہیں،پیپلزپارٹی کی توجہ صرف اس بات پر رہتی ہے کہ کس طرح اور کیسے عوام کی مشکلات کو ختم کیا جائے، پیپلزپارٹی بغیر کسی امتیاز کے عوام کی خدمت کرتی ہے، ہماری سوچ ہے کہ ملک میں بسنے والے ہر نوجوان کو روزگار مہیا ہو، انہیں آگے بڑھنے اور محنت سے ترقی کرنے کے یکساں مواقع فراہم ہوں، زرداری نے کہاپیپلزپارٹی بھوک و بدحالی ، بیروزگاری، جہالت اور اندھیروں کیخلاف جنگ لڑ رہی ہے اور انکو ختم کرنے کا عہد کر چکی ہے، پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے پر ثابت قدمی کیساتھ عمل کر رہی ہے، اس موقع پر قمر زمان کائرہ، زمرد خان، مہرین انور راجہ، سینیٹر سردار علی خان، سینیٹر بہرہ مند خان تنگی، ایم پی اے ضیاللہ آفریدی ، عامر فدا پراچہ اور دیگر موجود تھے۔
تازہ ترین