• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وارم اپ، پاکستان کا عمدہ کھیل، نیوٹن جیت کی راہ میں رکاوٹ

وارم اپ میچ کے تیسرے روز نارتھمپٹن شائرنے دوسری اننگز میں5وکٹوں کے نقصان پر 240 رنزبنالیے، جبکہ پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

نارتھمپٹن میں جاری 4 روزہ میچ میں ہوم ٹیم نے دوسری اننگز میں بہتر بیٹنگ کی اور تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پانچ وکٹ پر 240 رنز بنالیے ،نیوٹن 102رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ جوش کوب 52 اور روزنگٹن 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور راحت علی نے 2،2وکٹیں حاصل کیں ۔

میچ میں تیسرے دن کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 428 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی ، ٹیم کی جانب سے اسد شفیق 186 رنزپر ناقابل شکست رہے جبکہ حارث سہیل 79 اور بابر اعظم 57رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور میزبان ٹیم کے خلاف 169 رنز کی برتری حاصل کرنے میںاہم کردار ادا کیا۔

میزبان ٹیم کوپاکستان کے 428رنز کے جواب میں دوسری اننگز کی ابتداء میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب راحت علی اور شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ کے سبب نارتھمپٹن شائر 57رنز پر 3 وکٹوں سے محروم ہو گئی۔

اس موقع پر روب نیوٹن کا ساتھ دینے ایڈم روسنگٹن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 56رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کے 100رنز مکمل کئے تاہم ان کی شراکت کا خاتمہ محمد عباس نے 42رنز بنانے والے روسنگٹن کو آؤٹ کر کے کیا۔

دوسرے اینڈ سے نیوٹن نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز جوش کوب کے ساتھ 94 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے میں مرکزی کردار ادا کیاتاہم کوب 52 رنز بنا کر شاداب کی دوسری وکٹ بنے۔

جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو نارتھمپٹن شائر نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے تھے، نیوٹن 102 رنزپر ناقابل شکست ہیں اور انہیں صرف 71 رنز کی برتری حاصل ہے، پاکستان میچ کے آخری دن بقیہ 5 وکٹیں جلد حاصل کر کے فتح اپنے نام کر سکتا ہے۔

تازہ ترین