اسلام آباد میں بین االقوامی سیمینار منعقد ہوا جس کا عنوان ’’ کشمیر پاک بھارت تقسیم کا نامکمل ایجنڈہ‘‘تھا ۔
پاکستان ہائوس کے زیر اہتمام منعقد ہ سیمینار میں یورپی و برطانوی ارکان پارلیمنٹ، آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل احسان الحق ،سمیت تین سو سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر)احسان الحق نے کہا کہ بھارت نے معصوم کشمیریوں پر طلم وستم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں لیکن بھارت کو جان لینا چاہیے کہ کوئی بھی ظلم و ستم کشمیریوں کے حق آزادی کو روک نہیں سکتا، اس وقت پوری دنیا میں کشمیریوں کی آواز سنی جارہی ہے اور پاکستان بھی کشمیریوں کو اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پوری دنیا میں کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر آواز بلند کی جارہی ہے، بھارت زیادہ عرصے سے تک کشمیریوں کو دبا کے نہیں رکھ سکے گا ،انھوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رکھی ہے جہاں پیلٹ گنوں سے معصوم کشمیریوں کو معزور کیا جارہا ہے ۔
کشمیری عوام اپنے حق کی جنگ لر رہے ہیں پاک بھارت تقسیم کے وقت اس نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے کے لیے برطانیہ سمیت عالمی برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،سردار مسعود خان نے پاکستان ہائوس کے ڈائریکٹر جنرل رانا اطہر کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے شاندار کانفرنس کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
تقریب کے آخر میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے سینئر صحافی عرفان صدیقی اور معروف سیاسی رہنما ملک نور اعوان کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں پر گولڈ میڈلز سے نوازا ۔