گزشتہ روز انجام پانے والی بالی وڈ ستاروں سے سجی بالی وڈ اسٹار سونم کپور اورکاروباری شخصیت آنند آہوجا کی شادی کی خوب دھوم مچی۔
بالی وڈ کے تمام بڑے ستاروں نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔سوشل میڈیا کو دولہا دلہن بالی وڈ کے شہنشاہ، ملکہ ، بادشاہوں کے ساتھ خوب ہلاّ گلاّ کرتے نظر آئے تو ٹوئٹر پر یہ شادی بھارت میں ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔
سونم کی شادی کے چرچے بہت پہلے سے میڈیا کی زینت بنے ہوئے تھے، آخر وہ دن آکر چلا بھی گیا۔یہ عظیم و شان شادی ممبئی کے علاقے باندرا میں ان کے ایک قریبی رشتے دار کے گھر سکھ رسم و رواج کے مطابق انجام پائی۔
سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی شادی اور پارٹی کی تصویریں منظر عام پر آگئی ہیں۔بھارت میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بننے والی اس شادی کی ویڈیوز اور تصاویر منٹوں میں وائرل ہو ئیں۔
سونم کپور بھارتی ڈیزائنر انورادھا واکل کے تیار کردہ لال جوڑے اور بھاری بھرکم زیورات میں مزیّن بہت خوبصورت اور خوش نظر آرہی تھیں۔
شادی میں بالی وڈ کے نامور ستاروں نے شرکت کر کے تقریب کوچار چاند لگا دیئےجن میں امیتابھ بچن، ورون دھون، ارجن کپور، رانی مکھرجی، کرشمہ کپور، کرینہ کپور، سیف علی خان، ننھے تیمور، جیکولین فرنینڈز، رنویر سنگھ اور دیگر شامل تھے۔
سونم کپور نے اپنے پتی دیو آنند آہوجا کے ساتھ مل کر اپنا’ ویڈنگ کیک ‘ بھی کاٹا۔
سونم کی قریبی دوست اور معروف پیسٹری شیف پوجا ڈھنگرا نے یہ کیک تیار کیا جس پر میاں بیوی کی دیسی محبت کی تصویر نے سب کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔
گزشتہ رات کی ویڈنگ پارٹی میں بالی وڈ کے سینئر خانز، سلمان خان اور شاہ رخ خان دولہے میاں اور دلہن کے ابّا کے ساتھ مل کر خوب ناچے۔
سونم نے شادی ہوتے ہی انسٹاگرام پر اپنا نام سونم کپور سے تبدیل کر کے سونم کپور آہوجا کر لیا جبکہ فیس بک اور ٹوئٹر پر ان کا نام ابھی وہی ہے۔