• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیئم اور پاکستان میں رابطوں کے ذریعے تجارت میں مزید اضافہ ممکن

بیلجیئم اور پاکستان میں رابطوں کے ذریعے تجارت میں مزید اضافہ ممکن

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام بیلجیئم میں تجارت  اور سرمایہ  کاری کے نئے مواقع اور رابطے تلاش کرنے کی  غرض سے ہونے  والی پہلی کانفرنس کے شرکاء  نے اس  بات پر  اتفاق کیا ہے کہ باہمی رابطوں میں اضافے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں مزید اضافہ ممکن ہے ۔

منگل کو یورپین دارالحکومت برسلز میں منعقد ہ کانفرنس میں بیلجیئم کی مختلف تجارتی  تنظیموں ، جن میں  برسلز  چیمبر ، بیلجیئم کے دونوں لسانی حصوں سے تعلق  رکھنے والی فلاندرز اور فرنچ بولنے والے والونیا چیمبر کے نمائندگان  نے خصوصی  شرکت کی ۔

افتتاحی خطاب میں یورپین یونین بیلجیئم اورلگسمبرگ کیلئے سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے تجارتی وفود کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ  بیلجیئم پاکستان کیلئے 10واں جبکہ یورپ  بھر میں 7واں بڑا خریدار ہے جنکی باہمی تجارت کا حجم 2013 سے مسلسل  اضافے کے ساتھ  38 فیصد سے زائد ہو چکا ہے ۔

انہوں نے پاکستانی وفد کو متوجہ کیا کہ وہ نئے امکانات  تلاش کرکے  ان شعبوں  کی طرف  زیادہ توجہ دیں تاکہ پاکستان  کی  برآمد کے قابل  اشیاء  میں  بھی  اضافہ  ہو سکے  ۔     

یورپین پارلیمنٹ کے رکن امجد بشیر نے کہاکہ بیرون ملک موجود  پاکستانی یورپ اور برطانیہ میں اپنے بزنس  احسن انداز میں چلا رہے ہیں ۔ اگر دونوں فریق باہمی تعاون کریں تو اس سے پاکستان کی ایکسپورٹ میں مزید اضافہ ممکن ہے ۔

 راولپنڈی چیمبر کے صدر زاہد لطیف  خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  شرکاء کو  بتایا کہ پاکستان کی دیگر  تجارتی  تنظیموں میں اپنے محل وقوع اپنے کام اور اپنے حجم کے اعتبار سے  راولپنڈی  چیمبر ملک کی تیسری  بڑی  چیمبر ہے جو اندرون ملک اور بیرون ملک تجارت میں  اضافے  کے  لئے  کو شاں ہے ۔

اس موقع پر انہوں نے  بیلجیئم کے تاجروں کوتفصیل سے ان سروسز سے آگاہ کیا جو راولپنڈی  چیمبر فراہم کرتی ہے ۔ چیمبر کے سابق صدر ڈاکٹر  شمائیل داؤد نے مختلف چارٹس کی مدد سے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مختلف  مواقع  کے بارے  میں شرکاء کو  آگاہ کیا ۔

  کانفرنس  سے پاکستان بیلجیئم بزنس فورم کے مقامی نمائندے کے علاوہ  بیلجیئم کی تینوں نمائندہ چیمبرز کے ارکان نے علیحدہ علیحدہ اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا  ۔

انہوں نے پاکستانی تاجروں کو یقین دلایا کہ تجارت کے لئے ایک کھلی مارکیٹ ہونے کے ناطے بیلجیئم پاکستان کی برآمدات  کو پورے  یورپ میں پہنچانے کیلئے ایک اہم  منزل ثابت ہو گی ۔

اس موقع پر برسلز چیمبر اور راولپنڈی چیمبر کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر بھی  دستخط  کئے گئے ۔بعد ازاں راولپنڈی چیمبر کی جانب سے مہمان تجارتی  تنظیموں  کے نمائندگان  اور سرکاری سطح پر اس کانفرنس کو کامیاب  بنانے کی بھرپور کوششوں پر سفیر پاکستان نغمانہ عالمگیر ہاشمی ۔اکنامک منسٹر عمر حمید اور کمرشل  سیکٹری  سلمان احمد چوہدری کے علاوہ اینٹورپ اور گینٹ میں پاکستان کے اعزازی  قونصلر ز کو شیلڈز بھی  پیش کی گئیںجبکہ  خورشید  برلاس  نے مہمانوں کا شکریہ  ادا کیا  ۔

کانفرنس کے دوسرے  حصے میں پاکستان سے آئے ہوئے تاجروں نے شرکاء کو اپنی مصنوعات سے روشناس کرایا ۔ اس سرمایہ کاری کانفرنس میں بیلجیئم کی دو درجن کے قریب  کمپنیوں  نے شرکت کی جبکہ مقامی پاکستانی کمیونٹی کے چنیدہ افراد کو بھی  مدعو کیا گیا تھا ۔

تازہ ترین