• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
مان کی دعا

ساجد کمبوہ ،پھول نگر

ایک مرتبہ حضرت موسیؑ کوہ طور پر جب اللہ تعالیٰ سے ہم کلام تھے تو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے پوچھا کہ، ’’جنت میں میرا ہم سایہ کون ہوگا؟‘‘۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ، ’’فلاں شہر کا فلاں قصاب جنت میں تیرا ہمسایہ ہوگا!‘‘ جس پر حضرت موسیؑ کو تجسس ہوا کہ، وہ قصاب ایسا کون سا عمل کرتا ہوگا جو اسے اتنا بڑا رتبہ ملا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام اس شہر کی جانب گئے، وہاں قصاب کو تلاش کیا اور خاموشی سے دیکھتے رہے کہ، اس کا کون سا عمل ہے، جو اللہ تعالیٰ کو بے حد پسند آیا۔ دن بھر میں اس قصاب نے اپنا سارا گوشت سوائے ایک ٹکڑے کے فروخت کر دیا۔ پھر اس ٹکڑے کو تھیلے میں ڈال کر گھر کی طرف چل پڑا۔ آپ اس کے پیچھے پیچھے اس کے گھر تک آ گئے۔

پھر آپ نے قصاب سے مہمان بننے کی گزارش کی، جس پر قصاب نے کہا کہ، ’’بسمہ اللہ‘‘ آپ اس کے ساتھ گھر کے اندر چلے گئے۔ اس نے گوشت کو اچھی طرح پکایا، پھر چند بوٹیوں کو دانتوں سے چبا کر نرم کیا۔ پھر گھر کے اندورنی حصّے میں چار پائی پر لیٹی ضعیف خاتون کو اٹھایا، اسے پیار سے کھانا کھلایا، پانی پلایا اور اس کا بستر وغیرہ سیدھا کیا، پھر اس بوڑھی خاتون نے قصاب کے کان میں کچھ کہا،جس پر وہ مسکرا دیا۔ اور وہ اس خاتون کو آرام سے لٹا کر کمرے سے باہر آگیا۔ حضرت موسیٰؑ کو امید تھی کہ شاید وہ کوئی خاص عمل کرتا ہوگا جو اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ ہے، مگر اس نے ایسا کوئی کام نہیں کیا، پھر اس نے حضرت موسیٰؑ کو بھی کھانا کھلایا۔ کھانا کھانے کے بعد انہوں نے اس قصاب سے دریافت کیا کہ بستر پر لیٹی ہوئی خاتون کون ہے اور اس نے قصاب کے کان میں کیا کہا تھا۔ جس پر قصاب نے کہا کہ،’’ وہ میری والدہ ہیں، وہ بہت سادہ عورت ہیں، جب بھی میں اسے کھانا کھلاتا ہوں، تو مجھے یہی دعا دیتی ہیں کہ، ’’یا اللہ میرے بیٹے کو جنت میں اپنے نبی موسیؑ کا ہمسایہ بنانا‘‘ جس پر میں مسکرا دیتا ہوں کہ، کہاں میں معمولی قصاب اور کہاں حضرت موسیٰؑ علیہ السلام اللہ کے برگزیدہ نبی‘‘۔ اس پر موسیٰ علیہ السلام نے فرمایا کہ، ’’میں ہی موسیٰؑ ہوں اور مجھے اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے کہ، فلاں قصاب جنت میں میرا ہمسایہ ہوگا یہ سن کر میں تمہاری زیارت کے لیے آیا ہوں‘‘۔

سبحان اللہ! دیکھا بچو! ماں کی دعا کا اثر اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اپنے والدین کی خدمت کرنے کی توفیق دے اور ان کی دعائیں ہمارے حق میں قبول فرمائے۔ آمین۔

مان کی دعا


تازہ ترین