• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

پہلا روزہ کل ہوگا؟ یا جمعے کو ؟ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے ، غروب آفتاب کے بعد چاند ایک گھنٹے تک روشن رہے گا۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کل پہلا روزہ اورآج پہلی تراویح ہوگی۔

رمضان المبارک سن 1439 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت جاری ہے۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہو رہا ہے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہو رہے ہیں جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

چاند کی رویت کا شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کر کریں گے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مطلع صاف ہونے کے باعث چاند دکھائی دینے کا قوی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق ماہ رمضان کے چاند کی پیدائش گزشتہ شام 4 بجکر 49 منٹ پر ہوچکی ہے اور آج شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہو گی۔

ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر 26 گھنٹے 12 منٹ ہو تو وہ آسمان پر دکھائی دیتا ہے اور آج کراچی میں غروب آفتاب 7 بجکر 10 منٹ پر ہوگا جب کہ چاند غروب آفتاب کے بعد 61 منٹ تک دکھائی دےگا اور رات 8 بج کر ایک منٹ پر رمضان کا چاند غروب ہو جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں موسم گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے اور پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے میں شمال مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں، کراچی میں شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین