• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاغی کے پہاڑ بھی نواز شریف کی حب الوطنی کا ثبوت ہیں، طلال چوہدری

چاغی کے پہاڑ بھی نواز شریف کی حب الوطنی کا ثبوت ہیں، طلال چوہدری

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیہ پر الیکشن لڑیں گے اور وہی بیانیہ جیتے گا،انتخابات میں خیبرپختونخوا میں حکومت بنائیں گے اور پنجاب سوئپ کریں گے، نیب اعلامیہ پر پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، ہمیں پہلے چور ڈاکو ،پھر کافر اور اب غداربنایا جارہا ہے، چاغی کے پہاڑ بھی نواز شریف کی حب الوطنی کا ثبوت ہیں۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان بھی شریک تھے۔علی محمدخان نے کہا کہ پاکستانی وہ ہے جو اپنی ذات اور لیڈر کی عزت پر پاکستان کی عزت کو ترجیح دے، قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف ذاتی اسکور سیٹ کرنے کیلئے نہیں ہے،نواز شریف کے بھارت نواز بیان سے پورے پاکستان کی دلآزاری ہوئی ، نواز شریف کو بھی بائیس مئی کو پارلیمانی کمیٹی کے سامنے طلب کیا جائے، پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کا مقدمہ انجام تک پہنچایا جائے، نواز شریف نے خود کو بچانے کیلئے دنیا میں پاکستان کیخلاف پرچہ کٹوادیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں سب کا مقابلہ نواز شریف اور ان کے بیانیہ سے ہے، نواز شریف کیخلاف آدھے درجن ریفرنس چل رہے ہیں،نواز شریف پر رائیونڈ سڑک چوڑی کرنے پر بھی ریفرنس بنادیا گیا ہے، نیب کا بھارت منی لانڈرنگ الزام نواز شریف کی ذات کا معاملہ نہیں پاکستان کے امیج کا ہے، نیب کے اعلامیہ پر پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، ہمیں پہلے چور ڈاکو ،پھر کافر اور اب غداربنایا جارہا ہے، ہم پر آخری وار کا پہلا حصہ نیب کا اعلامیہ تھا، الیکشن سے پہلے مقبول لیڈروں کیخلاف غدار اور کافر کے فتوے جاری کیے جاتے ہیں، سی پیک، ایٹمی قوت، بجلی گھر، موٹرویز تمام منصوبے نواز شریف نے پورے کیے، چاغی کے پہاڑ بھی نواز شریف کی حب الوطنی کا ثبوت ہیں۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے نواز شریف کا انٹرویو نہیں پڑھا وہ بھی تنقید کررہے ہیں، نواز شریف نے کہیں ریاست یا فوج پر بات نہیں کی ہے، جن لوگوں پر قانون لاگو نہیں ہوتا ان کے بیانات سے بھی نواز شریف کا موازنہ کر کے دیکھ لیں، نواز شریف کے بیانیہ پر الیکشن لڑیں گے اور نواز شریف کا بیانیہ ہی جیتے گا۔طلال چوہدری نے کہا کہ ہمیں پچھلی باتوں سے سیکھنا چاہئے لیکن ہم نے نہ سیکھنے کا تہیہ کیا ہوا ہے، 2018ء کے انتخابات میں معلق پارلیمنٹ نہیں بنے گی، یہ 2018ء ہے یہاں 1968ء کا پلان نہیں چلے گا، نواز شریف نے بطور وزیراعظم اداروں کو مطمئن کرنے کیلئے بڑے کا کردار ادا کیا، آپ اقتدار میں ہوں تو اداروں کے تحفظات دور کرنے کیلئے ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں جس سے سیاسی و ذاتی نقصان ہو، ن لیگ نے کوئی ایک قربانی نہیں دی،نواز شریف اکیلے نہیں کروڑوں لوگ ساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ خیبرپختونخوا میں حکومت بنائے گی اور پنجاب سوئپ کرے گی۔علی محمدخان نے کہا کہ پاکستانی وہ ہے جو اپنی ذات اور لیڈر کی عزت پر پاکستان کی عزت کو ترجیح دے، پارلیمان کو ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کرنا زیب نہیں دیتا، چیئرمین نیب نے کوئی قانون توڑا ہے تو ان کیخلاف بات کریں گے، نیب کے نوٹیفکیشن میں نواز شریف کیخلاف تحقیقات شروع کرنے کی بات نہیں کی گئی بلکہ اخباری رپورٹ کی تحقیقات کرنے کا کہا گیا ہے، پارلیمان کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف ذاتی اسکور سیٹ کرنے کے لئے نہیں ہے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب نے آئینی اختیار سے تجاوز کیا تو اس کیلئے سپریم جیوڈیشل کونسل کا فورم ہے، نیب کی پریس ریلیز سے نواز شریف کی دلآزاری ہوئی ہے تو عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرسکتے ہیں، چیئرمین نیب کو پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہونا چاہئے تھا، نیب کسی طاقتور کے خلاف تحقیقات شروع کرے تو اس کی انہی لوگوں کے سامنے طلبی نہیں ہوسکتی جن کے خلاف تحقیقات ہورہی ہے۔ علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف کے بھارت نواز بیان سے پورے پاکستان کی دلآزاری ہوئی ہے، نواز شریف کو بھی بائیس مئی کو پارلیمانی کمیٹی کے سامنے طلب کیا جائے، ہم پوچھنا چاہتے ہیں نواز شریف نے کس مجبوری کے تحت مودی کا بیانیہ آگے بڑھایا، نواز شریف کو 150ہندوستانی تو نظر آئے مگر اے پی ایس کے 200بچے نظر نہیں آئے، نواز شریف نے آج تک پاکستان میں ہندوستان کی دراندازی کی بات نہیں کی ،نواز شریف نے کبھی بحیثیت وزیراعظم کلبھوشن کا نام نہیں لیا، نواز شریف میں ہمت ہے تو پارلیمانی کمیٹی میں آکر میرا سامنا کریں۔ علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف نے وہ بات کی ہے جو ہندوستان اور مودی پچھلے دس سال سے کہہ رہے ہیں کہ ممبئی حملوں کیلئے پاکستانیوں کو ریاست پاکستان نے بھیجا تھا، ن لیگ نیوز لیکس کی ملکیت نہیں لیتی نواز شریف اسے تسلیم کرتے ہیں، نواز شریف کا بیانیہ پاکستان کے حق میں ہے تو ہندوستان میں خوشی کے شادیانے کیوں بج رہے ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کا مقدمہ انجام تک پہنچایا جائے، پرویز مشرف کو وفاقی حکومت نے باہر بھیجا، نواز شریف اپنی کرسی بچانے کیلئے اپنے وزیروں اور مشیروں کی قربانیاں دیتے رہے، احسن اقبال کو گولی لگی اگلے دن جلسے میں ان کا ذکر تک نہیں کیا۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنی سیاست میں پختونوں کا کباڑا نہ کریں، محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمٰن کیوں فاٹا کو خیبرپختونخوا کا حصہ نہیں بنانا چاہتے۔

تازہ ترین