• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان کیلئے پاکستانی بر آمدات میں اضافہ ریکارڈ

جاپان کیلئے پاکستانی بر آمدات میں اضافہ ریکارڈ

جاپان کے لیے پاکستانی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اٹھارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے امید ہے کہ موجودہ سال جاپان کے لیے پاکستانی برامدات چار سو ملین ڈالر سے بڑھ جائیں گی۔

یہ بات جاپان میں پاکستانی کمرشل قونصلر ابو بکر صدیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انھوں نے کہا ہے کہ حالیہ سالوں میں پاکستانی اشیاء کے معیار میں بہتری اور دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے ایک دوسرے کے ممالک میں آنے جانے سے دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔

کمرشل قونصلر نے کہا کہ پاکستانی صنعتکاروں نے جاپان کے لیے اپنے معیار میں بھی بہتری پیدا کی ہے جس سے جاپان میں ان کے لیے آرڈرز میں اضافہ ہوا ہے ۔

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پاکستانی برآمدات میں اٹھارہ فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے تاہم دونوں ممالک کے صنعتکاروں کی مشترکہ کوششوں اور حکومت کی سرپرستی سے دوطرفہ تجارت میں پچاس فیصد تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اضافے پر وہ سفارتخانہ پاکستان اور حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور پاک جاپان بزنس کونسل مستقبل میں پاکستانی برآمدات میں اضافے کے لیے اپنا کردار بھی ادا کرے گی ۔

تازہ ترین