• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے اسپتالوں میں خصوصی ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم

کراچی کے اسپتالوں میں خصوصی ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم

کراچی میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، گرم موسم کے پیش نظر محکمہ صحت نے اسپتالوں میں خصوصی ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کردئیے۔

اس حوالے سے گرم موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے شہریوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں، ساتھ ہی طبی ماہرین کی جابن سے یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ اس موسم میں سحر و افطار میں کیا کھایا جائے۔

کراچی میں گرمی کی شدت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جا سکتا ہے۔

ممکنہ سخت گرم موسم کے پیش نظر محکمہ صحت سندھ نے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے شہر کے تمام اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے خصوصی وارڈ قائم کر دئیے ہیں۔

ماہرین طب کے مطابق غیر ضروری طور پر پسینے آنا، گھبراہٹ اور چہرے کا سرخ ہونا محسوس ہو تو یہ ہیٹ اسٹروک کی علامات ہیں جس کا علاج صرف پانی کا استعمال اور سایہ دار جگہ میں رہنا ہے۔

ماہرین طب کے مطابق سحر و افطار میں پانی کا استعمال زیادہ رکھنا چاہیے ،تلی ہوئی اور روغنی اشیاء سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔

ڈائریکٹر ہیلتھ کے اعلامیے کے مطابق شہری موجودہ موسم میں بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں تاکہ گرمی نہ لگے۔

خواتین، بچے اور بزرگ افراد خاص طور پر اپنی صحت کا خیال رکھیں اور باہر جانے سے قبل سر اور گردن کو ڈھانپ کر رکھیں۔

تازہ ترین