• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبیکا کی موت پر امریکی خاتون کی دلخراش پوسٹ

’سبیکاہمیشہ ہمارے دل میں رہے گی‘

امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز کی سہیلی کی پھپی کی  سبیکا کی موت کے حوالے سے ایک دلخراش پوسٹ سامنے آئی ہے۔

ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کی سنسنی خیز خبر جب میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچی تو اسکول میں پڑھنے والے طلباء کے والدین اپنے اپنے بچوں سے رابطے کرنے میں مصروف ہو گئے۔


ایسے میں سبیکا کی ایک سہیلی کی پھپی ٹینا نےفیس بک پر لکھا کہ ان کے بھائی کی بیٹی بھی اس اسکول میں پڑھتی ہے تاہم اس سے رابطہ ہو گیا ہے مگرکئی مہینوں سے اس کے ساتھ رہنے والی  اس کی پیاری سہیلی سبیکا کے ساتھ رابطہ نہیں ہو پا رہا اور ہم اس کے لئے بہت پریشان ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس وقت آٹھ بتائی جارہی ہے اور میڈیا پرفائرنگ کاجو مقام بتایا جا رہا ہے سبیکا وہیں موجود تھی۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بہت دعاؤں کی اپیل بھی کی۔


ٹینا نے اپنی فیس بک ڈی پی پر بھی سبیکا کی تصویر لگائی ہے اور لکھا ہے کہ ’سبیکا ہمیشہ ہمارے دل میں رہے گی۔‘

کچھ دیر بعد انہوں نے سبیکا کے لئے زیادہ سے زیادہ دعائیں کرتے رہنے کی اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ’کچھ ٹھیک نہیں لگ رہا مگرہم پر امید ہیں، سبیکا ہمارے گھر رہ رہی تھی اور اب وہ ہماری فیملی کی طرح تھی، ہمارے خاندان کی تمام تقریبات میں ساتھ جاتی تھی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ بہت خوشگوار طبیعت کی بہت پیاری بچی ہے ، شاید ہی آپ ایسے انسان سے ملے ہوں۔۔سبیکا عزیز ہم تم سے بہت پیار کرتے ہیں اور تمہاری حفاظت کے لئے دعا گو ہیں۔‘


اور پھر وہی ہوا جس کا ٹینا کو ڈر تھا، انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں بالکل ابھی ابھی یہ خبر ملی ہے کہ وہ پیاری اور قیمتی لڑکی ہم میں نہیں رہی۔‘

انہوں نے پاکستان میں سبیکا کے خاندان کے لئے صبر کی دعا کی، انہوں نے لکھا کہ میں یقین نہیں کر سکتی، وہ بہت جلد پاکستان واپس جانے والی تھی۔

۔اس آخری پوسٹ کے بعد ٹینا کے دوستوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سبیکا کی موت پر اظہار افسوس کیا اور اس کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی۔

تازہ ترین