• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
چلی، جنسی بدسلوکی کے الزامات پر 34سینئر پادری مستعفی

چلی میں جنسی بدسلوکی کے بڑھتے الزامات کے بعد 34سینئر پادریوں نے اپنے استعفے ویٹیکن بھجوادیے ہیں۔

چلی میں بچوں سے جنسی زیادتیوں کا اسکینڈل آنے کے بعد ملک کے تمام 34بشپس نے پاپائے روم کو اپنے استعفوں کی پیشکش کر دی ہے۔

لاطینی امریکی ملک میں کیتھولک چرچ کی کئی انتہائی اعلیٰ شخصیات پر الزام ہے کہ انہوں نے اس ملک میں کلیسائی اہل کاروں کی طرف سے بچوں سے جنسی زیادتیوں کے واقعات پر پردہ ڈالنے کی کوششیں کی تھیں۔

اس پر پاپائے روم فرانسس نے چلی کے ان تین درجن کے قریب بشپس کو ویٹیکن میں طلب بھی کر لیا تھا۔

ویٹیکن سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق پاپائے روم اب یا تو استعفوں کی یہ تمام پیشکشیں فرداً فرداً قبول یا مسترد کر سکتے ہیں یا وہ اس بارے میں اپنا فیصلہ مؤخر بھی کر سکتے ہیں۔

اگر پوپ فرانسس نے واقعی ان بشپس کے استعفے منظور کر لیے، تو کلیسائے روم کی تاریخ میں یہ بشپس کی سطح کے مذہبی عہدیداروں کے وسیع پیمانے پر استعفوں کا اپنی نوعیت کا آج تک کا اولین واقعہ ہو گا۔

تازہ ترین