• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینیوں کی حفاظت کیلئے عالمی فوج بنائی جائے،اسلامی کانفرنس

فلسطینیوں کی حفاظت کیلئے عالمی فوج بنائی جائے،اسلامی کانفرنس

استنبول (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل) او آئی سی نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ امریکی سفارتخانے کی القدس منتقلی مجرمانہ قدم، اقوام متحدہ کے چارٹر، عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور عالمی امن و سلامتی کیلئے خطرات پیدا کرنیکی سوچی سمجھی کوشش ہے، سفارتخانے کی منتقلی مسترد کرتے ہیں،القدس کی تاریخی و قانونی حیثیت کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائیگا، سلامتی کونسل امریکی پشت پناہی میں اسرائیلی قبضے کیلئے شیلڈ فراہم کر رہی ہے،عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، رمضان المبارک کے دوران او آئی سی کے تمام رکن ممالک میں فلسطینیوں کیلئے امدادی مہم چلائی جائیگی، اسلامی تعاون تنظیم کے استنبول اعلامیہ میں اسرائیلی جارحیت، نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی گئی ہے، تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے اور فلسطینیوں کی حفاظت کیلئے عالمی فوج بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون کی تنظیم کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی بہیمانہ جارحیت اور القدس شریف میں امریکی سفارتخانہ کے غیر قانونی افتتاح سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے سربراہان حکومت ریاست و شاہان کا 17 واں غیر معمولی اجلاس ترکی کے صدر اور او آئی سی کے 13 ویں سیشن کے چیئرمین رجب طیب ایردوان کی دعوت پر 18 مئی 2018ءکو استنبول میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریاست فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں خطرناک صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاءنے مسلم امہ کے اس طرح کے اہم مسئلے پر غیر معمولی اجلاس طلب کرنے پر رجب طیب ایردوان کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس کے شرکاءنے 5 اور 6 مئی کو ڈھاکا میں تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں فلسطین اور القدس شریف کے حوالے سے قراردادوں کو سراہا ۔ شرکاءنے سعودی عرب کے شہر دہران میں عرب لیگ کے 29 ویں سربراہ اجلاس میں فلسطین کے حوالے سے قراردادوں اور سربراہ اجلاس کو ”القدس سمٹ“ کا نام دینے کے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے اقدام کی تعریف کی۔ شرکاءنے زور دیا کہ او آئی سی کا بنیادی مقصد و منشاءالقدس شریف کی تاریخی ، قانونی اور روحانی اہمیت کو تحفظ دینا اور اسرائیل کی جانب سے ہر طرح کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کےلئے ضروری اقدامات کرنا اور اسرائیل کی نو آبادیاتی اور نسل پرستانہ پالیسیوں کے خلاف فلسطینی عوام کی حمایت کرنا ہے۔ شرکاءنے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بالخصوص غزہ کی پٹی میں اسرائیلی افواج کے مجرمانہ اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔

تازہ ترین