• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، نصرت سحر کا ڈپٹی اسپیکر کو جوتا دکھانے پر ایوان میں ہنگامہ، شورشرابا، شہلا رضانے فنکشنل لیگ کی خاتون کو ایوان سے نکال دیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی ، اجلاس میں ہفتہ کو بھی سرکاری ارکان اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشی، ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کا سلسلہ جاری رہا ، مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کو جوتادکھانے پر ایوان میں ہنگامہ، شور شرابا اور احتجاج ہو رہا ، فنکشنل لیگ کی خاتون رکن اسپیکر ڈائس کے سامنے جوتا لہراتی رہیں،جس کے بعد پیپلزپارٹی کی شہناز انصاری ، کلثوم چانڈیو، نصرت سحر سے لڑنے اْنکی نشست پر پہنچ گئیں ،تاہم خواجہ اظہار اور ثمر علی نے بیچ بچاؤ کرایا۔ ڈپٹی اسپیکر نے جوتے دکھانے اور نامناسب طرز عمل اختیار کرنے پرنصرت سحر عباسی کو اسمبلی سے باہر نکالنے کا حکم جاری کردیا۔ صوبائی وزراء کی جانب سے نواز شریف،پیر پگارا اور صدر الدین شاہ راشدی پر بھی سخت تنقید کی گئی، پیپلزپارٹی کے فیاض بٹ کے ریمارکس پر کہ ایوان میں مودی کے یار بھی بیٹھے ہیں، ن لیگ کے اراکین نے شدید احتجاج، شور شرابا کیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ 19 مئی کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے طیش میں آکر ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کو جوتا دیکھا دیا اور وہ ان کی نشست کے سامنے جاکر کافی دیر تک اپنا جوتا لہراتی رہیں، پیپلز پارٹی کی کچھ خواتین نصرت سحر عباسی کو سبق سکھانے کے لئے ان کی طرف لپکیں تاہم قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن اور پی ٹی آئی کے ثمر علی خان نے مداخلت کرکے معاملہ رفع دفع کرایا ۔

تازہ ترین