• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگراں وزیراعظم کے نام میں تاخیر پر تحریک انصاف کو تشویش

کراچی(ٹی وی رپورٹ)رہنما تحریک انصاف شفقت محمودنے جیو کے پروگرام ’’جیو پاکستان ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کے چنائو میں تاخیر پر تحریک انصاف کو تشویش ہے ،پی ٹی آئی میں ناموں پر مشاورت ہوئی تھی لیکن کوئی نام فائنل نہیں کیا گیا ،لیڈر آف دی ہائوس اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے نام سامنے آنے کے بعد ہی کوئی رد عمل دیا جا سکتا ہے قابل اعتبار شخصیت پر اعتراض نہیں ہو گا نام سامنے آنے سے پہلے مخالفت یا حمایت نہیں کی جاسکتی ، نگراں وزیر اعظم کے چنائو کا طریقہ کار آئین میں واضح ہے لیکن دیکھا جائے تو دو اشخاص کے بجائے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے قائم کمیٹیوں کی جانب سے مشاورت زیادہ موثر عمل ہوتا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عام انتخابات میں ن لیگ کا نعرہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ہی ہو گا ، لیڈر ایک ہی ہوتا ہے اور اسی لیڈر کا بیانیہ پارٹی بیانئے کی حیثیت رکھتا ہے ، شہباز شریف ، خواجہ سعد رفیق اور چوہدری نثارکی پارٹی میں جگہ الگ بات ہے لیکن مسلم لیگ ن کے لیڈر میاں محمد نواز شریف ہیں ، نواز شریف اس وقت مقبولیت کی بلندیوں پر ہیں ، جو اس بات کی دلیل ہے کہ کارکن اور عوام نواز شریف کی پشت پر کھڑے ہیں ، نواز شریف کے انٹرویو سے پہلے بھی کارکنوں پر وفادری تبدیل کرنے کے لئے دبائو ڈالا جاتا رہا اور کچھ لوگوں کا وطیرہ ہوتا ہے کہ وہ سیاسی مدت ختم ہونے پر ادھر ادھر پارٹی بدلتے ہیں ۔ورکنگ بائونڈری پر بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ائیر مارشل ریٹائرڈ شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگرد ی کے لئے بھارت کافی عرصے سے افغانستان کی سر زمین استعمال کر رہا ہے پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے بہت سارے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں ، ایک جنگ بلوچستان میں کچھ عرصے سے جاری ہے دوسری جانب روزانہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ جاری رہتی ہے ،اس تمام صورتحال نے پاکستانی فوج کو دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے وہ مغربی سرحدوں کی حفاظت کریں یا مشرقی سرحدوں کی۔ شہزاد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکومت کے ہاتھ میں بہت کم علاقہ ہے ان کو امریکا سے پیسہ آنے کی وجہ سے امریکا کی سننی پڑتی ہے ، پاکستان کا افغانستان سے بات کرنے کا فائدہ اس لئے نہیں کیونکہ افغانستان میں امن ان کی اپنی خواہش اور کوششوں سے قائم ہو سکتا ہے۔نمائندہ جیو نیوز نوشین یوسف نے قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی سے متعلق بتایا کہ کورم پورا ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا شکریہ ادا کیا ، اس سے واضح ہوتا ہے کہ اپوزیشن کی وجہ سے ہی اجلاس کا کورم قائم رہا ، مدت کے آخری ہفتے میں حکومت چاہے گی کہ فاٹا ریفارمز بل پیش کردیا جائے کیونکہ اپوزیشن کی جماعتیں اس بل پر متفق ہیں ۔
تازہ ترین