• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا احتجاج مسترد، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں متنازع کشن گنگا ڈیم کا افتتاح کردیا، کشمیریوں کا احتجاج، شٹرڈائون

پاکستان کا احتجاج مسترد، مودی  نے مقبوضہ کشمیر میں متنازع کشن گنگا ڈیم کا افتتاح کردیا، کشمیریوں کا احتجاج، شٹرڈائون

سرینگر (اے ایف پی، جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد کے موقع پر حریت رہنمائوں کی اپیل پر وادی میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال رہی، سرینگر میں دکانیں بند اور شاہراہیں ویران رہیں، جبکہ سنسان سڑکوں پر پولیس اور نیم فوجی دستے گشت کرتے رہے، کشمیریوں نے اپنے گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرائے، قابض حکام نے مودی کے ایک روزہ دورے کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے تھے، کئی علاقوں میں کرفیو نافذ رہا جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل رہی، حریت رہنمائوں نے مودی کی آمد کیخلاف سرینگر کے لال چوک تک احتجاجی مارچ کا اعلان کیا تھا تاہم قابض افواج نے لال چوک جانے والی تمام سڑکوں اور راستوں کو رکاوٹوں اور خار دار تاروں کے زریعے بند کردیا تھا اور وہاں لوگوں کی آمد ورفت پر بھی پابندی لگادی تھی، بھارتی حکام نے طلباء کو مظاہروں سے روکنے کے لئے اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیاں ایک روز کے لئے بند کردی تھیں، حریت رہنمائوں سید علی گیلانی‘ یاسین ملک اور دوسرے رہنماؤں کو گھروں اور تھانوں میں نظربند کر دیا گیا‘ دوسری جانب مودی نے لداخ میں لیہہ کے مقام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متنازع ہائیڈروپاور پراجیکٹ کشن کنگا کا افتتاح بھی کردیا جو 330 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا، یہ پاور اسٹیشن پاکستانی سرحد کے قریب ہی لگایا گیا ہے ،پاکستان نے اس متنازع منصوبے پر بھارت کیخلاف شدید احتجاج کیا ہے ، پاکستان نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ 1960کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے جو پانی کی تقسیم کے لئے طے پایا تھا، عالمی بینک نے کشن گنگا منصوبے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان دو مرتبہ مذاکرات کروائے تھےتاہم اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا ، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی نے معاہدے کو خطرے میں ڈال دیا ہے،پاکستان نے اس پلانٹ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دریائی پانی کے بہاؤ میں رخنہ پیدا ہو گا، بھارت کشن گنگا ہائیڈرو پاور اسٹیشن پر کام کا آغاز 2009میں شروع ہوا تھا اور اسے تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے، واضح رہے کہ مودی کے دورئہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر بھارتی فورسز کی جانب سے سرحد پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں بھی جاری ہیں، جمعہ کو بھارتی گولہ باری سے چار پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

تازہ ترین