• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثات میں3افراد جاں بحق اور8زخمی ہو گئے،تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ویٹا چورنگی پر نجی فیکٹری کی کنٹریکٹ بس نمبر JA.0987اتوار کی صبح اچانک بے قابو ہو کر قلابازیاں کھاتے ہو ئے الٹ گئی ،حادثے کی اطلاع پرپولیس اور امداد ی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے حادثہ سے 8افراد کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے 2افراد نے دم توڑ دیا ،پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفین کی شناخت سردار ولد کرمو اور حق دار ولد سلیمان کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں کی شناخت دولت،آصف،کیبل،مٹھو،سلیم جان،نواب کے نام سے کی گئی ۔پولیس نے بتایا کہ متوفی اور زخمی فیکٹری کے ملازم تھے اور ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس جارہے تھے ،پولیس نے کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی ہیں ،منگھو پیر تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس مائی گاڑی کے قریب ٹرالر نے موٹر سائیکل کو روند دیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق اور 2نوجوان شدید زخمی ہو گئے ،واقعہ کی اطلاع پر لاش اور زخمیوں کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے زخمیوں کو مزید علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا،ایس ایچ او نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 20سالہ فراز ولد ذوالفقار کے نام سے کی گئی جو کہ نارتھ کراچی سیکٹر 5Cکا رہائشی اور پان کا کیبن چلاتا تھا،اپنے بھائی کی موٹر سائیکل پر 2دوستوں کے ہمراہ حب نہر پر نہانے جارہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا اور لاش کو انتہائی بری حالت میں ورثا کے حوالے کیا گیا ہے، زخمیوں کی شناخت سمیر اور اویس کے نام سے کی گئی ۔‎‎
تازہ ترین